شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے عادل صدیقی

میرپورخاص میں70 ہزار فٹ طویل نئی واٹر سپلائی کی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔

میرپورخاص شہر کے ڈرینج سسٹم کو بہتر بنانے کیلیے کوشش کی جا رہی ہے، صوبائی وزیر عادل صدیقی فوٹو: فائل

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے سندھ بھر کے مختلف اضلاع میں40 آر او پلانٹس لگائے ہیں، تاکہ شہری و دیہی علاقوں کے عوام کو پینے کا صاف پانی مل سکے ۔

پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا شعبہ انسانی زندگی میں اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عادل صدیقی نے سیٹلائٹ ٹاؤن واٹر ورکس میں 84.48 ملین روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو میرپورخاص سے محبت ہے اور انہی کی ہدایت پر یہاں کے شہری و دیہی علاقوں کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے اسکیموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا اور کچھ اسکیموں پر کام جاری ہے، اس اسکیم سے میرپورخاص کی3 لاکھ سے زائد آبادی کو فائدہ پہنچ سکے گا اور روزانہ 9.17 ملین گیلن پانی عوام کو ملے گا، اس اسکیم کی بدولت لوڈشیڈنگ یا بجلی کی فنی خرابی کے دوران جنریٹر کے ذریعے مختلف علاقوں تک پانی فراہمی جاری رہے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ میرپورخاص ضلع میں بھی 2 آر او پلانٹس لگائے گئے ہیں اور22 واٹر سپلائی اور 11 ڈرینج کی اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں۔ اے ڈی پی 2011-12 کی ترقیاتی اسکیموں میں 16 نکاسی آب کی اسکیمیں ہیں جن کی تکمیل کیلیے ٖفنڈزپر وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کی جائے گی۔ اس کے علاوہ عمرکوٹ، سانگھڑ اور میرپورخاص ضلع میں بھی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی اسکیمیں جاری ہیں۔


میرپورخاص ضلع میں70 ہزار فٹ طویل نئی واٹر سپلائی کی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔ ہم ہمہ وقت عوامی خدمت کے لیے کوشاں ہیں جو ہماری ذمے داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرپورخاص شہر کے ڈرینج سسٹم کو بہتر بنانے کیلیے کوشش کی جا رہی ہے اور ڈھورو پران پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے بات کی جائے گی۔



قبل ازیں ممبر صوبائی اسمبلی فہیم الطافی نے کہا کہ میرپورخاص کے عوام کو زندگی کی تمام سہولتیں میہاکرنا ہماری اولین ذمے داری ہے، اس لیے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر سندھ بھر کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا گیا ہے، بعد ازاں صوبائی وزیر عادل صدیقی نے اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ظفر کمالی، غلام دستگیر کمالی، شفیق احمد خان، زونل انچارج متحدہ فرید احمد خان، مسرور ارباب، رشید سومرو کے علاوہ انجینیئرز، صحافی برادری اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Load Next Story