پاکستان نے بھارت سے ایشین ہاکی کی حکمرانی چھین لی

کھیل ختم ہونے سے تین منٹ قبل گرما گرمی کے بعد بھارتی کھلاڑی میدان سے باہر چلے گئے۔

پاکستان نے ایونٹ کے فائنل میں بھارت کو 4-5 سے شکست دی۔ ۔فوٹو:اے ایف پی/فائل

لاہور:
پاکستان نے بھارت سے ایشین ہاکی کی حکمرانی چھین لی، ایشیائی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف کو 4-5 سے زیر کر کے گذشتہ فائنل کی شکست کا حساب بھی چکتا کر دیا۔

دوحا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فیصلہ کن میچ میں گرین شرٹس نے ابتدائی لمحات میں برتری حاصل کی جب کپتان محمد عمران گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کامیاب ہو گئے،بھارت نے دو منٹ بعد ہی مقابلہ برابر کردیا، پہلے ہاف کے اختتام سے کچھ دیر قبل بلو شرٹس نے دوسرا گول داغ کر میچ میں2-1 کی برتری حاصل کی۔وقفے کے بعدگرین شرٹس کی جانب سے شفقت رسول نے گول داغ کر مقابلہ2-2 سے برابر کردیا ، تھوڑی دیر بعد پاکستان کی طرف سے کپتان محمد عمران نے ایک اور گول کرکے ٹیم کو3-2 کی سبقت دلادی۔

قومی کھلاڑیوں نے مخالف پوسٹ پر تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور محمد وقاص کے شاندار گول کی بدولت برتری4-2 کرنے مین کامیاب ہوگئے، بھارتی کھلاڑیوں نے بھی ہمت نہ ہاری اور یکے بعد دیگرے دو گول داغ کر مقابلہ ایک بار پھر برابر کردیا۔ پاکستان نے میچ ختم ہونے سے 5 منٹ قبل محمد وقاص کے گول کے باعث 4-5 کی برتری حاصل کرلی، کھیل ختم ہونے سے تین منٹ قبل گرما گرمی کے بعد بھارتی کھلاڑی میدان سے باہر چلے گئے، پھر واپس آنے کے بعد بھی پاکستان کی برتری ختم کرنے میں ناکام رہے۔




فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کپتان محمد عمران نے کہا کہ ایشیا کی نمبر ون ٹیم بننے اور فائنل میں بھارت کو ہرانے پر بہت خوش ہیں،کھلاڑیوں نے بہترین پرفارم کیا، بلو شرٹس کیخلاف رائونڈ میچ میں بھی بہت اچھا کھیلے تھے مگرگول کرنے کے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے، فائنل میں فارورڈز نے ملنے والے چانسز کو ضائع نہیں کیا اس لیے فاتح رہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات اور شائقین جیت کا تقاضا کرتے تھے اور کھلاڑیوں نے ایسا کردکھایا، ہم قوم کو خوشی دینے پر فخر محسوس کررہے ہیں، فتح پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں خاص کر ان پرستاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے ٹیم کیلیے دعائیں کیں۔

عمران نے کہا کہ پاکستان ہاکی کا سنہری دور واپس آرہا ہے، جس طرح ایشیا کے چیمپئن بنے اسی طرح بہت جلد دنیا کی نمبر ون ٹیم بھی بن جائیں گے۔ ہیڈ کوچ اختر رسول نے کہا کہ جیت پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں، وقت گزرنے کے ساتھ سارے اعزاز پاکستان آئیں گے۔ کوچ حنیف خان نے کہا کہ ٹرافی قوم کیلیے تحفہ ہے، پاکستان ہاکی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا، آنے والے وقتوں میں مزید کامیابیاں سمیٹیں گے،انھوں نے کہا کہ دفاع میں کچھ کمزوریاں ضرور تھیں تاہم مجموعی طور پر حکمت عملی کامیاب رہی، شکیل عباسی ٹخنہ زخمی ہونے کی وجہ سے نہیں کھیل سکے مگر دیگر کھلاڑیوں نے کمی محسوس نہیں ہونے دی۔
Load Next Story