مسلم یا غیر مسلم کیخلاف اسلحہ اٹھانا جائز نہیںحافظ سعید

کراچی میں بدامنی قتل وغارت گری ملک کیخلاف گہری سازش ہے، امیر جماعۃ الدعوۃ.

کراچی میں بدامنی قتل وغارت گری ملک کیخلاف گہری سازش ہے، امیر جماعۃ الدعوۃ۔ فوٹو: فائل

جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں۔

جماعۃ الدعوۃ نے پاکستان میں کبھی کسی مسلم یا غیر مسلم کے خلاف اسلحہ نہیں اٹھایا ہے اور نہ شرعی طور پر ایسا کرنے کو جائز سمجھتی ہے، کارکنان بغیر کسی تصادم کی راہ اپنائے کراچی سمیت ملک بھر میں اپنا دعوتی مشن جاری رکھیں،کراچی کے مسائل کسی سیاسی جماعت کے لائحہ عمل سے نہیں بلکہ قرآن و حدیث پر عمل کرنے سے حل ہوں گے ،کراچی میں بدامنی اور قتل و غارت گری کا مسئلہ دفاع پاکستان کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے ،مولانا اورنگ زیب فاروقی پرقاتلانہ حملہ کراچی میں مزید بدامنی پھیلانے کی سازش ہے۔


ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز گلشن اقبال اور کورنگی میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرمرکزی رہنما حاجی عثمان رائو اور جماعۃ الدعوۃ کراچی کے امیر انجینئر نوید قمرسمیت مقامی ذمے دران بھی موجود تھے، حافظ محمد سعید نے کہا کہ اس وقت پورا ملک بالخصوص کراچی اسلام و پاکستان دشمن عناصر کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، حافظ محمد سعید نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کراچی کے مسئلہ پرخاموش نہیںرہے گی۔



جماعۃ الدعوۃ ایک دعوتی تنظیم ہے، کارکنان احسن انداز میں اپنی دعوت دوسروں تک پہنچائیں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کو بھی اسلام کی دعوت دیں اور ایسے مسلمان جنہیں دین کا علم نہیں ان کی تربیت و اصلاح کا عمل بھی جاری رکھیں، انھوں نے کہا کہ خطے میں امریکی موجودگی کے سبب ہرطرف بدامنی پھیلی ہوئی ہے، امریکہ افغانستان میں واضح شکست سے دوچار ہے ،2013 افغانستان سے امریکی فرارکا سال ہو گا جس کے بعد ملک میں پھیلی چھوٹی چھوٹی بغاوتیں دم توڑ جائیں گی اور پڑوسی ممالک کی سازشیں بھی اپنا اثر کھودیں گی۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ وہ تمام مشکلات و رکاوٹوں کوصبر و تحمل سے عبور کریں۔
Load Next Story