شاہ زیب کا قتل وڈیرانہ ذہنیت کا شاخسانہ ہے متحدہ

انسانی حقوق کی تنظیمیں نوجوان کے بہیمانہ قتل پر صدائے احتجاج بلند کریں.

اس واقعے نے عوام باالخصوص نوجوانوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے،رابطہ کمیٹی۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے درخشاں تھانے کی حدود کلفٹن کنٹری کلب کے قریب بہن کو چھیڑنے سے روکنے کی پاداش میں ملزمان کی جانب سے لڑکی کے بھائی 20سالہ شاہ زیب ولد اورنگزیب کوفائرنگ کرکے بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور سفاکانہ قتل کے اس واقعے کو جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ ذہنیت کا شاخسانہ نہ قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ مذکورہ واقعہ نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ اس میں ملوث ملزمان قانون کی سخت گرفت اور سزا کے مستحق ہیں ، رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ بہن کو چھیڑنے سے منع کرنے پر ملزمان کی جانب سے فائرنگ کرکے بھائی کو قتل کرنے کے واقعے نے عوام باالخصوص نوجوانوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، اس واقعے پر ان میں گہری تشویش اور غم و غصہ پایا جانا فطری عمل ہے ، رابطہ کمیٹی نے کہاکہ انسانی حقوق کی ملکی اوربین الاقوامی تنظیمیں بھی بہن کو چھیڑنے سے روکنے کی پاداش میں شاہ زیب کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لیں۔




اس مذموم اور شرمناک واقعے کے خلاف آواز احتجاج بلند کریں ،رابطہ کمیٹی نے مقتول شاہ زیب کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اورمقتول کے بلند درجات کیلیے دعا کی،رابطہ کمیٹی نے صدرمملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم راجہ پرویز اشرف،وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شاہ زیب ولد اورنگزیب کے سفاکانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، اس میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سے سخت ترین سزا دی جائے۔
Load Next Story