ہمارا مطالبہ ریفرنڈم نہیں صرف آزادی ہے براہمدغ بگٹی

بلوچ قوم میدان عمل میں اترے اور قابض قوتوں کے ساتھ نبردآزما بلوچوں کی عملی مدد کرے۔

مظالم اور جبر بلوچ قوم کو آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کراسکتا، سربراہ بی آر پی. فوٹو: فائل

بلوچ ری پبلکن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ براہمدغ بگٹی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ریفرنڈم نہیں صرف اور صرف آزادی ہے۔

بلوچ قوم میدان عمل میں اترے اور قابض قوتوںکے ساتھ نبردآزما بلوچوں کی عملی مدد کرے ،مظالم اور جبر بلوچ قوم کو آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کراسکتا، آن لائن سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ آواران و مشکے میں جاری آپریشن کو بلوچ دشمن پالیسیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ دشمن قابض ریاست کی امداد کرنے والی عالمی برادری کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ آزاد وخودمختار بلوچستان ہی خطہ میں امن واستحکام کے عالمی خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں معاون و مددگار ہوسکتا ہے۔




بلوچ دشمن قابض ریاست نے اپنے انتخابی عمل کی ناکامی کے خطرے کے پیش نظر آپریشن تیز کردیا ہے اور بلوچ قوم کو واضح پیغام دیا جارہا ہے کہ اگر آزادی کے جواب میں انہیں صرف گولی ملے گی تو بلوچ قوم کو اتحاد ویکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ان بلوچوںکی مدد و معاونت کیلیے میدان عمل میں اترنا چاہیے جو براہ راست ریاستی ظلم وجبر کا نشانہ بن رہے ہیں، اس کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ مکران، مشکے اور آواران، پنجگور میں جاری آپریشن کوئی اچھنبے کی بات نہیں، 30سے زائد بے گناہ افراد کو شہید کیا گیا جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں، انھوں نے میڈیا کے کردار کو مایوس کن قرار دیا کہ الیکٹرانک میڈیا نے مکمل طور خاموشی وچشم پوشی اختیار کر رکھی ہے جو قابل تشویش ہے۔
Load Next Story