کراچی کا امن تباہ کرنیوالے عناصر کیخلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں وزیراعظم

عوام کوہرممکن تحفظ فراہم کیاجائے گا،گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے ملاقات وگفتگو،سول ایوارڈ نشان امتیازملنے پرمبارکباد

کراچی: وزیراعظم راجا پرویز اشرف گورنر ہائوس میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم راجا پرویزاشرف نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لیے وفاقی حکومت سندھ حکومت کوہرممکن تعاون اوروسائل فراہم کرے گی۔

کراچی کا امن خراب کرنے والے عناصرکے خاتمے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں۔ وہ جمعے کوگورنرہاؤس میں گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادسے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ملاقات میں سیاسی صورتحال،کراچی میں قیام امن،ترقیاتی منصوبوں سمیت اہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جمہوری حکومت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی 5 سالہ مدت پوری کر رہی ہے،آئندہ انتخابات مقررہ وقت پرشفاف طریقے سے منعقدکرائے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ملک سے دشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ سیاسی قوتوں اور معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔




انھوں نے کہاکہ کراچی میں قیام امن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اورتاجر برادری سمیت عوام کوہرممکن تحفظ فراہم کیا جائیگا ۔ انھوں نے ہدایت کی کہ قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کومزید تیز کیا جائے۔ کراچی سمیت صوبے بھرمیں ترقیاتی کاموں کوبروقت مکمل کیاجائے۔ وزیراعظم نے گورنرسندھ کودس سالہ عوامی خدمت پرملک کے سب سے بڑے سول ایوارڈ نشان امتیازملنے پرمبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا، وزیر اعظم آج (ہفتے) کومقامی ہوٹل میں چمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے۔
Load Next Story