امریکا اور برطانیہ ہمارے ایٹمی پروگرام کیخلاف ہیں سیکریٹری دفاع

امریکادوسرے ممالک کی ایجنسیز بھی پاکستان کیخلاف استعمال کرتاہے،واشنگٹن کا لہجہ تبدیل ہوچکا

پاک فوج شمالی وزیرستان میںآپریشن کی صلاحیت رکھتی ہے،لیفٹیننٹ جنرل (ر)آصف یاسین۔ فوٹو: فائل

سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ امریکا کا پاکستان کے ساتھ لہجہ تبدیل ہو چکا ہے جبکہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ مفادات کی بنیاد پر نئے تعلقات قائم کیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سی آئی اے نے پاکستان میں موجود اپنے افراد کی فہرست دے دی ہے، امریکا اور برطانیہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف ہیں، سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان کوئی باضابطہ معاہدہ نہیں۔ جمعے کو وزارت دفاع میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع نے کہا کہ امریکا دوسرے ممالک کی ایجنسیز کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاک فوج شمالی وزیرستان میں کسی بھی وقت آپریشن کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن افغان سرحد سیل کیے جانے کے باعث ایسا کوئی آپریشن سود مند ثابت نہیں ہوگا۔

اصغر خان کیس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) اسلم بیگ اور سابق سربراہ آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے بارے میں وزارت قانون کی طرف سے کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا۔ سویلین حکومت ان کے خلاف کوئی کاروائی کرتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔




مہران بیس اور کامرہ میں دہشت گرد حملوں سے متاثرہ جاسوس طیاروں کی تبدیلی کیلیے بات چیت جاری ہے' پی آئی اے ستمبر سے منافع میںجارہی ہے، پی آئی اے کے پرانے جہازوں کو تبدیل کرنے کیلیے 12 نئے جہاز خریدے جائینگے جن میں سے 8 چھوٹے جہاز ہوں گے۔

جہازوں کی خریداری کے لیے 45 لاکھ ڈالر جاری کردیے گئے ہیں۔ پی آئی اے میں سیاسی بھرتیاں بند کردی گئی ہیں، جعلی ڈگری کی بنیاد پر 4 پائلٹ اور 200 افسران برطرف کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی آئی اے کا 152 ارب روپے کا قرضہ ہے جبکہ اس کا خسارہ 192ارب روپے ہے۔ حج آپریشن کے دوران پی آئی اے کو 41کروڑ کا نقصان ہوا، پی آئی اے کے 34 میں سے 28 جہاز چل رہے ہیں۔
Load Next Story