سنگاپورنئی دہلی میں اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی دم توڑ گئی

لڑکی کی ہلاکت کے بعد احتجاج میں شدت آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے باعث نئی دہلی میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے

اجتمائی زیادتی کی شکار لڑکی سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ اسپتال میں دل کا دورہ پڑنے اورجسم کے کئی اعضا کے کام چھوڑنے کے باعث چل بسی۔ فوٹو: رائٹرز

نئی دہلی میں 16دسمبر کو بس میں اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی زندگی کی بازی ہار گئی۔


16دسمبر کی رات نئی دہلی میں ایک بس میں سوار کچھ افراد نے 23 سال کی میڈیکل کی طالبہ کو لوہے کی سلاخوں سے بری طرح مارا پیٹا اور زیادتی کے بعد اسے چلتی بس سے نیچے دھکا دے دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد بھارتی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شدید احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں درجنوں افراد زخمی اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا تھا۔



زیادتی کا شکار ہونے والی زخمی لڑکی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں کئی روز اس کی حالت تشویشناک رہی جبکہ جمعرات کو اسے بہتر علاج کےلئے سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آج صبح دل کا دورہ پڑنے اورجسم کے کئی اعضا کے کام چھوڑنےکے باعث چل بسی، ماؤنٹ الزبتھ اسپتال کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ لڑکی نےبڑی ہمت سے اپنی زندگی کی جنگ لڑی لیکن اس کے جسم کو پہنچنے والے زخم بہت شدید تھے، 8 اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم نے اس کا علاج کیا لیکن اس کی حالت بگڑتی چلی گئی۔


دوسری جانب بھارت میں گینگ ریپ کا شکار ہونے والی لڑکی کی موت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے سوشل ویب سائٹ ''ٹوئٹر''پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ''امانت کہیں یا دامنی، اب یہ صرف ایک نام ہے''، اس کے جسم کی موت ہو گئی ہے لیکن اس کی روح ہمارے دلوں کو جھنجھوڑتی رہے گی۔


اجتماعی زیادتی کا شکار لڑکی کی ہلاکت کے بعد بھارت میں احتجاج میں شدت آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے باعث نئی دہلی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جب کہ حکومت نے لوگوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story