وزیراعظم نے یوٹیوب کودوبارہ بند کرنے کا حکم جاری کردیا

ذمہ دارحلقوں نے یوٹیوب کھولنے پرتحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ فلٹریشن نظام کی موجودگی تک اسے نہ کھولا جائے

ذمہ دارحلقوں نے یوٹیوب کھولنے پرتحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی اے کے پاس فلٹریشن نظام کی موجودگی تک اسے نہ کھولا جائے،فوٹو:فائل

وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے یوٹیوب کو دوبارہ بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے.

گستاخانہ مواد کی موجودگی پر وزیراعظم نے پی ٹی اے کودوباہ یوٹیوب بند کرنے کی ہدایت جاری کی، واضح رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پریوٹیوب کو آج دوپہر2بجے ہی کھولا گیا تھا۔


یوٹیوب وزارت آئی ٹی کی سمری موصول ہونے کے بعد کھولی گئی تھی، ذرائع کا کہناہے کہ یوٹیوب کھولنے کے حوالے سے پاکستان کے ذمہ دارحلقوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھاکہ پی ٹی اے کے پاس یوٹیوب پر قابل اعتراض مواد کی اشاعت روکنے کے لئے فلٹریشن نظام موجود نہیں ہے جب تک یہ نظام یقینی نہ بنادیاجائے یوٹیوب کو نہ کھولا جائے۔

واضح رہے کہ امریکا میں بنائے جانے والی گستاخانہ فلم کی ویڈیو یوٹیوب پر ریلیز ہونے کے بعد پاکستان سمیت اکثر مسلم ممالک میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس کے باعث حکومت پاکستان نے یوٹیوب پر پابندی عائد کردی تھی۔

دوسری جانب کل سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے یوٹیوب کھولنے کے حوالے سے کہا تھا کہ اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز نے متفقہ طور پر یوٹیوب کھولنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت آئندہ 24 گھنٹوں میں یو ٹیوب بحال کردی جائے گی۔
Load Next Story