برفباری اور بارشوں سے ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید برفباری اور بارشوں کی پیش گوئی کردی

کوئٹہ میں منفی 7 اور قلات میں پارہ 8 درجے تک گرنے کے باعث سڑکیں اور بازار ویران ہوگئے ہیں : فوٹو : فائل 

ملک کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

طویل انتظار کے بعد ہونے والی بارشوں اور برفباری سے ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ کئی علاقوں میں شدید سردی کے باعث پارہ منفی 8 اور7 سینٹی گریڈ تک گرنے سے عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 7 جب کہ قلات میں پارہ منفی 8 ہوگیا ہے۔ کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث سڑکیں اور بازار ویران ہو گئے ہیں جبکہ سڑکوں اور گھروں میں موجود نلکوں میں پانی بھی جم گیا ہے۔ قلات میں پارہ 8 درجہ گرنے کے باعث گیس کے پریشر میں بھی کمی واقع ہو گئی ہے جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری

ملکہ کوہسار مری، گلیات اور شمالی علاقہ جات میں جہاں برفباری کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد ان علاقوں کا رخ کر رہی ہے وہیں بالاکوٹ اور وادی ناران کاغان میں 1 فٹ تک ہونے والی برفباری کے باعث سیاحوں اور مقامی لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ناران اور کاغان جانے والی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے اور سیاحوں کو ناران جانے سے روک کر شوگراں کی جانب منتقل کردیا گیا ہے۔ شوگراں میں بھی شدید برفباری کی وجہ سے ہوٹل مالکان کی چاندی ہوگئی ہے اور سیرو تفریح کے لئے آنے والے عوام سیاحت کے بجائے ہوٹل میں رہائش کو ترجیح دینے پر مجبور ہیں۔ استور، برزل ٹاپ، منی مرگ، تمری، گلیشائی، نیر ملک اور کالا پانی میں 4 فٹ برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور عوام گھروں سے باہر نکلنے سے گریزاں ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مختلف علاقوں میں تیسرے روزبھی بارش اوربرفباری

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید برفباری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن اور فاٹا میں بھی مزید بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ شمالی علاقوں، گلیات، مالاکنڈ، کشمیرمیں بھی پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ آئندہ چند روزمیں سندھ اور بلوچستان میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Load Next Story