کینگروز کے خلاف سیریز میں فتح پاکستان کے لیے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کا موقع

پاکستان ٹیم کا بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے 2,2 پوائنٹس کا فرق ہے اور اسکی موجودہ پوزیشن خطرے میں ہے

سیریز میں فتح کی صورت میں پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کو رینکنگ میں پیچھے چھوڑ دے گی، فوٹو : فائل

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں فتح پاکستان کو براہ راست ورلڈ کپ 2019 کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

آئی سی سی نے آسٹریلیا اور پاکستان جبکہ بھارت اور انگلینڈ کی سیریز سے قبل ون ڈے انٹرنیشنلز میں ٹیموں کی نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ گرین شرٹس 89 پوائنٹس کیساتھ 8 ویں نمبر پر موجود ہیں، بنگلہ دیش91 پوائنٹس کیساتھ 7 ویں جبکہ ویسٹ انڈیز87 پوائنٹس کے ساتھ 9 ویں پوزیشن پر ہے، پاکستان ٹیم کا بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے 2,2 پوائنٹس کا فرق ہے اور اسکی موجودہ پوزیشن خطرے میں ہے۔


پاکستان کو موجودہ اسٹیٹس برقرار رکھنے کیلئے آسٹریلیا کیخلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں کم از کم ایک میچ میں لازمی فتح درکار ہے، اگر 2 میچز میں کامیابی حاصل کی تو پوائنٹس91 ہو جائیں گے لیکن اسکے باوجود معمولی فرق سے بنگال ٹائیگرز نمبر 7 پر براجمان رہیں گے۔ سیریز میں فتح کی صورت میں پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کو رینکنگ میں پیچھے چھوڑ دے گی اور ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے کے مواقع بڑھ جائیں گے۔

رینکنگ میں آسٹریلوی ٹیم 120 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست ہے، دوسرے نمبر پر 116 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقی ٹیم ہے، بھارت 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، نیوزی لینڈ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، انگلینڈ 107 پوائنٹس لیکر 5 ویں، سری لنکا 101 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے، بنگلہ دیش 7ویں، پاکستان 8 ویں، ویسٹ انڈیز 9 ویں نمبر پر موجود ہے، افغانستان 10 ویں، زمبابوے 11 ویں اور آئر لینڈ کی ٹیم 12 ویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ مئی 2019 میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ اور7 ٹاپ رینکنگ سائیڈز براہ راست شرکت کریں گی جبکہ باقی 4 ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ کی 6 ٹیموں کے ساتھ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں حصہ لیں گی اور ٹاپ 2 ٹیمیں ورلڈ کپ میں شرکت کی اہل ہوں گی۔
Load Next Story