ملک کو لوٹنے والوں سے چھٹکارے کاوقت آگیاالطاف حسین

رابطہ کمیٹی لانگ مارچ میں شرکت کیلیے فیصلہ کرے، تحریک منہاج القرآن کے وفدسے گفتگو

رابطہ کمیٹی لانگ مارچ میں شرکت کیلیے فیصلہ کرے، تحریک منہاج القرآن کے وفدسے گفتگو۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ ملک کولوٹنے والوں سے چھٹکارے کاوقت آگیاہے، غریب ومتوسط طبقے کاانقلاب اب ملک کامقدربن چکاہے اوراب اس انقلاب کوآنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں کے وفد سے ٹیلیفون پر گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے وفدکونائن زیرو بھیجنے پر تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کاشکریہ اداکیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ ڈاکٹرطاہرالقادری اور ایم کیوایم اسی نیک مقصدکیلیے جدوجہدکررہے ہیں، ہم ملک سے فرسودہ جاگیرداری نظام اورکرپشن کاخاتمہ،انصاف کا نظام ،یکساں نظام تعلیم اورہرشعبہ میں مساوات محمدیﷺ کاقیام اورمعاشرے میںخلفائے راشدین کی طرز کی حکمرانی قائم کرناچاہتے ہیں جہاں ایک بدو بھی امیر سے سوال کرسکتا ہو۔

الطاف حسین نے وفد کی جانب سے 14جنوری کو مارچ میں شرکت کی دعوت کاشکریہ اداکیا اوررابطہ کمیٹی کوہدایت کی کہ رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن اس سلسلے میں فوری طورپرمشترکہ اجلاس کرکے فیصلہ کریں۔انھوں نے وفدکویقین دلایاکہ نیک مقصدکیلیے انشاء اللہ ہماراجواب مثبت ہوگا ۔تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ اورپاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما ڈاکٹر رحیق عباسی نے الطا ف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آپ ملک کے نظام کی تبدیلی کیلیے ڈاکٹرطاہرالقادری کی جس طرح کھل کرحمایت کررہے ہیں وہ ہمارے لیے بہت تقویت کاباعث ہے اوراس حمایت و تعاون پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں ۔ڈاکٹر رحیق عباسی نے الطا ف حسین سے کہاکہ ہم وہ دن دیکھ رہے ہیں کہ جب پاکستان میں تبدیلی کا سورج طلوع ہوگا اور انصاف کانظام قائم ہوگا۔


دریں اثنا وفد نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آبادپر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر فارو ق ستار ، نسرین جلیل اور ارکان رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی اور رابطہ کمیٹی کو14جنوری کو پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ہونے والے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی اور باقاعدہ دعوت نامہ پیش کردیا ۔ دعوت نامہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے وصول کیا اور وفدکو یقین دلایا کہ رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان اس پر تبادلہ خیال کرکے جو بھی فیصلہ ہوگا جلد از جلد پاکستان عوامی تحریک اور ملک بھر کے عوام کو آگاہ کرے گی ۔



وفد میں پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر ، تحریک منہاج القرآن کراچی کے امیر حاجی محمد اقبال ، پاکستان عوامی تحریک سندھ کے کوآرڈی نیٹر قاضی زاہد حسین اوردیگر شامل تھے جبکہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سلیم شہزاد ، رضاہارون ، وسیم آفتاب ، ڈاکٹر صغیر ، سیف یار خان ، کنور خالد یونس اور ایم کیوایم کے رہنما عامر خان بھی موجود تھے ۔ اس سے قبل جب وفد نائن زیرو پہنچا تو مکا چوک سے نائن زیرو پر سڑکوں سے دو اطراف میں کھڑے کارکنان نے وفد کا شاندار استقبال کیا۔ ملاقات کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا ، جس میں 14جنوری کو اسلام آباد کے لانگ مارچ کے طریقہ کار اور دیگر اہم امور پر بھی غور وخوض کیا گیا ۔

بعدازاں نائن زیرو پر صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فارو ق ستار نے کہاکہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کا نظریہ ، وژن اور پروگرام وہی ہے جس نظریے ، وژن اور پروگرام کا ہمیں الطاف حسین 30، 35برس درس دیتے آئے ہیں ۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے نمائندہ وفد نے ایم کیوایم کو 14جنوری کے لانگ میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دیدی ہے اور 14جنوری انشاء اللہ پاکستان کی تاریخ کا ایسا دن ہوگا، جب نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی ، پاکستان سے ظلم،استحصال جبر کا خاتمہ ہوگا ۔انھوں نے 23دسمبر کو مینار پاکستان پر ہونیو الے پاکستان عوامی تحریک کے جلسہ عام میں ایم کیوایم کے 50رکنی وفد کو بھجوانے اور 23دسمبر کو شیخ الاسلام طاہر القادری کے اصلاحات کے پروگرام کی حمایت کے اعلان پرالطاف حسین کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story