فلم ’رئیس‘ کے پروڈیوسرز نے ماہرہ خان کے ساتھ فلم کی تشہیر کا فیصلہ کرلیا

ماہرہ اسکائپ کے ذریعے فلم ’’رئیس‘‘ کی تشہیری مہم میں حصہ لیں گی اور اسی ایپ کے ذریعے ہی میڈیا کو انٹرویوز بھی دیں گی۔

شیوسینا نے ماہرہ کی فلم’’ رئیس‘‘کی اسکریننگ پرتقسیم کاروں کو دھمکیاں دیدیں۔ فوٹو؛ فائل

بھارتی انتہا پسندوں کی ناراضگی کے باوجود بالی ووڈ فلم ''رئیس''کے پروڈیوسرزنے فلم کی ہیروئن پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ فلم کی تشہیر کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ماہرہ خان اسکائپ کے ذریعے فلم ''رئیس ''کی تشہیر میں حصہ لیں گی اور اسکائپ کے ذریعے ہی انٹرویوز بھی دے سکیں گی۔دوسری جانب پاکستان فوبیاکی شکار ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے ایک بار پھر نئی ریلیز ہونے والی شاہ رخ اورپاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ''رئیس'' کی تشہیر اوراس کی نمائش میں دراڑیں ڈالنا شروع کردی ہیں۔ شیو سینا کی جانب سے فلم کی ااسکریننگ پر تقسیم کاروں کو شدید دھمکی دی گئی ہے۔


فلم تقسیم کار اکشے راٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرکہا ہے کہ انھیں شیوسینا کے چھتیس گڑھ ونگ کی جانب سے ایسے خط موصول ہوئے ہیں جن میں فلم''رئیس'' کی اسکریننگ پر سخت دھمکی دی گئی ہے۔ اکشے راٹھی نے ٹویٹرپرموصول ہونے والے خط بھی شئیرکیے جب کہ انھوں نے چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ کو صورتحال کا نوٹس لینے سمیت قانون کے مطابق عمل درآمد کرنے کی گزارش کی ہے۔

اکشے راٹھی نے شیوسینا کے صدر ادیتیا ٹھاکرے سے بھی ملنے والی دھمکیوں کے حوالے سے پوچھا ہے کہ کیا وہ ان دھمکیوں کی تصدیق کرتے ہیں یا نہیں۔اس کے علاوہ انھوں نے اداکار شاہ رخ خان کے مداحوں کوبھی کہا کہ وہ شیوسینا پارٹی کے صدرادیتیا ٹھاکرے کے علم میں یہ بات لانے میں ان کی مدد کریں جب کہ انھوں نے امید بھی ظاہرکی کہ ادیتیا ٹھاکرے اس بات کا نوٹس لیں گے۔واضح رہے کہ فلم میں ماہرہ خان شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردارادا کررہی ہیں اوردیگرکاسٹ میں نواز الدین صدیقی اور عبد الاحد آصف بھی شامل ہیں جب کہ فلم رواں ماہ کی 25 تاریخ کو ریلیز کی جائی گی۔

 
Load Next Story