ایم کیوایم کا تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان

وہ وقت دور نہیں جب ملک کا نظام اور پاکستان کے حالات بدلیں گے

تحریک منہاج القرآن اور ایم کیو ایم کا مقصد ایک ہے، ڈاکٹر فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ نے تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کردیاہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ملک سے فرسودہ استحصالی نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایم کیو ایم نے سندھ کے شہری علاقوں کی حد تک پڑھے لکھے اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو اسمبلیوں میں بھیجا۔ ایم کیوایم نے جب اپنے فلسفے کو ملک گیر سطح پر پھیلانے کے جدوجہد شروع کی تو اس پرریاستی ظلم کے پہاڑ توڑے گئے۔ ایم کیو ایم کے ہزاروں کارکنوں کو ہلاک کیا گیا۔


ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تحریک منہاج القرآن اور ایم کیو ایم کا مقصد ایک ہے۔ الطاف حسین بھی ملک میں فرسودہ استحصالی نظام کے خلاف ہیں جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری بھی کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ اس لئے ایم کیوایم کے کارکن اور ذمہ دار تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ میں بھر پور انداز میں شرکت کریں گے۔وہ وقت دور نہیں جب ہماری جدوجہد رنگ لائے گی اور ملک کا نظام بدلے گا۔

ایم کیوایم کے رہنما نے مزید کہا کہ ان کی جماعت ملک کے نظام میں اصلاحات چاہتی ہے، ان کا مقصد انتخابات کا التوا یا جمہوریت کو ڈی ریل کرنا نہیں کیونکہ ایم کیو ایم سمجھتی ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اس سلسلے میں ملک میں بااختیار عبوری حکومت کی ضرورت ہے جو تمام سیاسی قیادت سے مذاکرات کے بعد ہی بننی چاہئے۔
Load Next Story