سڈنی ٹیسٹ آسٹریلوی قیادت کا تاج وارنر کے سر سجنے کا امکان

سری لنکا کیخلاف سڈنی ٹیسٹ میں قیادت کا تاج ڈیوڈ وارنر یا ایڈ کوان میں سے کسی ایک کے سر سج سکتا ہے۔

مائیکل کلارک کی انجری کے پیش نظر ڈیوڈ وارنر کو ایک ٹیسٹ کے لئے قیادت سونپے جانے کا امکان ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
آسٹریلوی کرکٹ میں اچانک قیادت کے بحران کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

شین واٹسن اور مائیکل کلارک کی انجری کے بعد صورتحال گھمبیر ہوگئی ہے، سری لنکا کیخلاف سڈنی ٹیسٹ میں قیادت کا تاج ڈیوڈ وارنر یا ایڈ کوان میں سے کسی ایک کے سر سج سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صرف تین ٹیسٹ میچز کے دوران دواہم بیٹسمینوں رکی پونٹنگ اور مائک ہسی کی ریٹائرمنٹ سے آسٹریلوی بیٹنگ لائن میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس کو پر ہونے میں تو کافی وقت لگے گا مگر فی الحال قیادت کا بحران آسٹریلوی ٹیم کو لپیٹ میں لیتا ہوا دیکھائی دے رہا ہے۔


کپتان مائیکل کلارک سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے تاہم انھوں نے 'زبردستی' فٹنس ٹیسٹ پاس کرکے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیلا اور سنچری بھی اسکور کی مگر اس سے ایک مرتبہ پھر ہیمسٹرنگ تکلیف میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے ان کی تین جنوری سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں شرکت کو مشکوک قرار دیا جارہا ہے، دوسری جانب ان کے نائب کپتان شین واٹسن پہلے ہی پنڈلی کی تکلیف کے بعد سڈنی ٹیسٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔

اس لیے اگر کلارک تیسرا ٹیسٹ کھیلنے کیلیے فٹ نہیں ہوئے تب پھر ٹیم کی قیادت کا مسئلہ کھڑا ہوجائے گا اگرچہ مائیک ہسی سڈنی ٹیسٹ کھیلنے کے بعد ریٹائر ہوں گے مگر سلیکٹر جان انویررٹی ہسی کو عبوری طور پر اپنے آخری ٹیسٹ میں قیادت کی ذمہ داری سونپنے کے حق میں نہیں ہیں۔ اب اس اہم ذمہ داری کیلیے ڈیوڈ وارنر اور ایڈ کوان کو مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے، دونوں ہی ڈومیسٹک لیول پر مختلف ٹیموں کی کپتانی کرچکے ہیں، وارنر کو تو پہلے سے ہی مائیکل کلارک کا جانشین قرار دیا جارہا اور وہ 2012 کے آغاز پر کھیلی گئی سہ روزہ ون ڈے سیریز میں بھی نائب کپتان کی ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔
Load Next Story