2013 سرکلر ریلوے کے آغاز کا سال ہوگا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ٹرانسپورٹ کے دیگر منصوبے بھی اگلے سال شروع کیے جائیں گے،محمد حسین سید

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مسٹر اکی توشی لیو کو دعوت دی کہ وہ کراچی سرکلر ریلوے کے مقامات کا دورہ کریں. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ 2013 کراچی میں سرکلر ریلوے کے آغاز کا سال ہوگا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ٹرانسپورٹ کے دیگر منصوبے بھی اگلے سال شروع کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ جاپانی حکومت کے تعاون سے شروع ہونے والا کراچی سرکلرریلوے پروجیکٹ سماجی و معاشی اہمیت کا حامل ایک انقلابی منصوبہ ہے جس کے مفید اور دوررس اثرات ہوں گے اور روزانہ تقریباً 7 لاکھ افراد کو محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولت مہیا ہوگی، یہ بات انھوں نے جائیکا جاپان کے سینئر ایڈوائزر مالی تعاون برائے جنوبی ایشیا مسٹر اکی توشی لیو سے بات چیت کے دوران کہی جنھوں نے گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔


اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کراچی ماس ٹرانزٹ سیل رشید مغل، سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد اطہر، ڈائریکٹر لینڈ نجم الزماں، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن مرزا انور بیگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ 76جاپانی کمپنیاں پاکستان میں کام کررہی ہیں جن میں سے 49 کمپنیاں صرف کراچی میں مصروف عمل ہیں پاکستان اور جاپان کے درمیان گزشتہ سال ایک بلین ڈالر کی تجارت ہوئی جاپانی کمپنیاں یہاں پر کاریں، موٹر سائیکلیںا ور ٹرکس بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف پلانٹس بھی لگا رہی ہیں جبکہ کئی فلاحی کاموں کے پروجیکٹس پر بھی کام جاری ہے۔



صنعت و تجارتی کی مثالی ترقی، ٹیکنالوجی کی جدت، درآمدات اور برآمدات کے لحاظ سے جاپان دنیا کا نہایت اہم ملک ہے، جاپانی ماہرین کے اس دورے کا مقصد کراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کے اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات اور اس پروجیکٹ کے حوالے سے ان کی آرا اور تجاویز کی روشنی میں آسان شرائط پر جاپانی ODA قرضے کی فراہمی اورکراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ پر عملدرآمد ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مسٹر اکی توشی لیو کو دعوت دی کہ وہ کراچی سرکلر ریلوے کے مقامات کا دورہ کریں ، انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس شہر میں محفوظ، آرام دہ اور موثر پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام موجود نہیں تاہم جاپانی حکومت کے مالی و تکنیکی تعاون سے شروع ہونے والا کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ شہریوں کوبہتر اور اچھی سفری سہولت مہیا کرے گا ۔
Load Next Story