ٹیسٹ سمیت کسی فارمیٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہا ڈی ویلیئرز

میرا اصل مقصد 2019 ورلڈ کپ ہے اور میں اس میں شرکت کے لیے جو ممکن ہو سکا وہ کروں گا، اے بی ڈی ویلیئرز

میرا اصل مقصد 2019 ورلڈ کپ ہے اور میں اس میں شرکت کے لیے جو ممکن ہو سکا وہ کروں گا، اے بی ڈی ویلیئرز۔ فوٹو : فائل

عرصے سے انجری مسائل سے دوچار جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے اپنی ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیسٹ سمیت کسی بھی فارمیٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہے۔


مقامی ریڈیو اسٹیشن کو انٹرویو میں مایا ناز بیٹسمین نے کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہا، میں کسی بھی فارمیٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہا، میں ابھی اس کے لیے تیار نہیں ہوں، تاہم وہ اپنے میچز کا بوجھ بانٹنے کی کوشش کریں گے تاکہ 2019 تک مکمل فٹ رہ سکیں کیونکہ یہی ان کی پہلی ترجیح ہے، انھوں نے کہا کہ میرا اصل مقصد 2019 ورلڈ کپ ہے اور میں اس میں شرکت کے لیے جو ممکن ہو سکا وہ کروں گا۔ دیگر فارمیٹ کھیلنا بھی اہم ہے لیکن مجھے ذہنی اور جسمانی طور پر آنے والے ورلڈ کپ تک بہتر حالت میں رہنے کی ضرورت ہے جو کہ میرا مقصد بھی ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ میں 32 سال کا ہوچکا ہوں اور ایک ایسے دور میں جب کرکٹرز 35 سال سے زائد عمر میں جا کر کرکٹ نہیں کھیل پاتے، تو ایسے میں تمام فارمیٹس میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا مشکل ہے، مجھے امید ہے کہ میں 2019 کے ورلڈ کپ تک فٹ رہوں گا اور ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہوں گا، ڈی ویلیئرز نے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ مارچ میں نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ڈی ویلیئرز نے 25 جنوری سے سری لنکا کے خلاف ٹی20 میچ سے کم بیک کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
Load Next Story