پولیس انسپکٹر کا قتل تحقیقات میں پیش رفت نہ ہوسکی

مقتول انسپکٹر فضل محمود کا وقوعہ کے روز ہی زون ایسٹ سے زون ویسٹ میں تبادلہ ہوا تھا

انسپکٹر فضل محمود (فوٹو ایکسپریس)

اورنگی ٹائون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک کیے جانے والے پولیس افسر کے قتل کو5روز گزرگئے لیکن تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی،مقتول کا وقوعہ کے روز ہی زون ایسٹ سے زون ویسٹ میں تبادلہ ہوا تھا، یہ بات مقتول کے بھائی آصف محمود نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی،تفصیلات کے مطابق پیر23جولائی کو اورنگی ٹائون میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے انسپکٹر فضل محمود کو ہلاک کردیا تھا،

مقتول اورنگی ٹائون پولیس فیملی کوارٹرز میں رہائش پذیر اور وقوعہ کے وقت اورنگی ٹائون تھانے کے سامنے واقع مسجد میں نماز عشا کی ادائیگی کے لیے جارہا تھا کہ مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے ہلاک کردیا،مقتول کے چھوٹے بھائی آصف محمود نے اپنی رہائش گاہ پر ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قتل کو5روز گزرگئے ہیں لیکن تحقیقات میں کسی قسم کی کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی،


انھوں نے کہا کہ مقتول زون ایسٹ میں تعینات تھے جبکہ وقوعہ کے روز ہی ان کا زون ویسٹ میں تبادلہ ہوا تھا، تبادلے کے باعث کاغذی کارروائی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،آصف محمود نے مزید بتایا کہ مقتول فضل محمود نے1990میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس فورس کو جوائن کیا اور2003میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی حاصل کی، زمان ٹائون، ملیر کینٹ اور منگھوپیر سمیت مختلف تھانوں میں تفتیشی افسر کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے رہے ہیں،

آصف محمود نے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے انھیں سرد مہری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ کسی بھی زون نے تعزیتی خط تک نہیں بھیجا، انھوں نے آئی جی سندھ فیاض لغاری سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے بھائی کے قتل کا فوری طور پر نوٹس لیں اور ان کے واجبات و دیگر مراعات جلد دلانے میں اپنا فعال کردار ادا کریں، انھوں نے اپنے بھائی کے کراچی آپریشن میں ملوث ہونے کے تاثر کی تردید کی ہے۔
Load Next Story