پاکستان سے شکست بھارتی میڈیا امپائر پر برس پڑا

ایشون کی گیندوں پر ناصر اور یونس کیخلاف اپیلیں مسترد کرنے پرروی ولن بن گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں ہماری امپائرنگ بین الاقوامی معیار کے قریب نہیں ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان سے پہلے ون ڈے میں شکست کے بعد بھارتی میڈیا اپنے پلیئرز کے ساتھ ساتھ امپائر ایس روی پر بھی برس پڑا۔

معروف بھارتی روزنامے ٹائمزآف انڈیا نے میچ میں امپائرنگ کرنیوالے بھارتی امپائر ایس روی کو ٹیم کی ہار کا ذمہ دار ٹھہرایا، واضح رہے کہ چنئی میں روایتی حریف پاکستان کیخلاف اتوار کی شب فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نیوزی لینڈ کے بلی بائوڈن اور بھارت کے ایس روی نے انجام دیں۔


بہت سے بھارتیوں کا خیال ہے کہ اننگز کے 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر ایشون نے پاکستانی بیٹسمین ناصرجمشید کیخلاف پہلے ایل بی ڈبلیو اور پھر سہواگ کی جانب سے کیچ کیے جانے کی دونوں اپیلیں ایس روی کو متاثرنہیں کرپائیں تھیں، اسی طرح 28 ویں اوور یونس خان کیخلاف بھی ایشون کی ایل بی ڈبلیو کی پرزور اپیل روی نے ٹھکرادی تھی، یونس اس وقت 46 کے انفرادی اسکورپرتھے، وہ ایشون کی گیند کو سوئپ کرنے گئے تھے لیکن اس میں ناکام رہے اور گیند انکے مڈل اسٹمپ کے سامنے پیڈ سے ٹکرائی۔



اس وقت بھی فیصلہ بھارت کیخلاف رہا، بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں ہماری امپائرنگ بین الاقوامی معیار کے قریب نہیں ہے، جس کا اظہار موجودہ آئی سی سی ایلیٹ پینل میں کسی بھی بھارتی کی عدم شمولیت سے لگایا جاسکتا ہے، سابق بھارتی کپتان ایس وینکٹ راگھون ایلیٹ پینل میں شامل اب تک کے آخری بھارتی امپائر رہے ہیں، لیکن انکی ریٹائرمنٹ کے بعد سے کوئی بھی آفیشل ورلڈ میں نمایاں مقام حاصل نہیں کرپایا ہے، فی الوقت بھارت کے چار امپائرز آئی سی سی ایمریٹس انٹرنیشنل پینل میں ہیں، جن کے نام سدھیرایسنانی، ایس روی ، ونیت کلکرنی اور سی شمس الدین ہیں۔
Load Next Story