شفاف انتخاباتحکومت کا انتخابی اصلاحات کرنے کافیصلہ

وزارت قانون نے الیکشن کمیشن سے مشاورت تیزکردی،ن لیگ سے جلد مذاکرات ہونگے،ذرائع.

2 جنوری بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر قانون فاروق ایچ نائیک انتخابی اصلاحات کے قانون پر بریفنگ دیں گے، ذرائع۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
معلوم ہواہے کہ حکومت نے آئندہ عام انتخابات کو مزید شفاف'غیرجانبدارانہ منعقد کرنے کے لیے انتخابی اصلاحات کرنے کااصولی فیصلہ کرلیا ہے۔

اس میں وزارت قانون نے الیکشن کمیشن سے مشاورت کا عمل تیزکردیا ہے،12جنوری سے قومی اسمبلی اورسینیٹ کے شروع ہونے والے اجلاسوں میں انتخابی اصلاحات کا قانون منظوری کے لیے پیش کیاجائے گا۔اپوزیشن جماعت ن لیگ سے بھی اس سلسلے میں جلد مذاکرات کیے جائیں گے۔ پیرکوباخبر سرکاری ذرائع نے بتایاکہ انتخابی اصلاحات نئے قانون کی تیاری پرکام شروع کردیاگیا ہے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر وزارت قانون نے الیکشن کمیشن سے بھی رابطہ قائم کیا ہے اوراس ضمن میں الیکشن کمیشن سے سیاسی جماعتوں کی طرف سے انتخابی اصلاحات کے لیے دی جانے والی تجاویزطلب کرلی گئیں۔




ان تجاویز کی روشنی میں انتخابی اصلاحات کا قانون تیارکیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ 2 جنوری بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر قانون فاروق ایچ نائیک انتخابی اصلاحات کے قانون پر بریفنگ دیں گے اورکابینہ سے قانونی مسودے کی منظوری کے بعد اسے 12جنوری سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں الگ الگ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس قانون کے مسودے پرقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اسحاق ڈارکواعتماد میں لینے کے لیے حکومت جلد ان سے رابطہ قائم کرے گی
Load Next Story