کراچیخانہ کعبہ کے متولی نے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے

صدر،گورنر،وزیر اعلیٰ اور آصفہ بھٹو زرداری بھی بلاول ہائوس میں تقریب میں شریک تھے

کراچی ، انسداد پولیو کی سفیر آصفہ بھٹو زرداری بلاول ہائوس میں پولیو پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرر ہی ہیں۔ فوٹو : آئی این پی

صدر آصف علی زرداری ، ملک میں انسداد پولیو مہم کی سفیر آصفہ بھٹو زرداری اور خانہ کعبہ کے متولی شیخ عبدالقادر الشیدی نے پیر کو یہاں بلاول ہائوس میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے لیے قطرے پلائے۔

تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو ، ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا ، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی ہم آہنگی میر ہزار خان بجارانی ، ملک میں انسداد پولیو کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو ، وزیراعظم کی معاون خصوصی اور ملک میں انسداد پولیو کی فوکل پرسن شہناز وزیرعلی ، پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز ، صوبائی وزراء ، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز ، سندھ کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر خانہ کعبہ کے متولی شیخ عبدالقادر الشیدی نے دعا کرائی ۔ اس سے قبل بلاول ہائوس میںآصفہ بھٹو زرداری نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے 'ریویو آف کرنٹ سچوئیشن آف پولیو ایریڈکشن انیشی ایٹو'' کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے انسداد پولیو پروگرام کو قومی فریضہ سمجھ کر اس پروگرام کی حمایت کرتے ہوئے بھرپور شرکت کریں، تقریب صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت منعقد کی گئی ۔




انھوں نے کہا کہ انسداد پولیو پروگرام کو جاری رکھنے کے لیے پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا،علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبہ سندھ میں خسرہ کی بیماری پھیلنے اور اس سے150سے زائد بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے کہا ہے کہ متاثرہ بچوں کے علاج کو یقینی بنایا جائے، دریں اثنا صدر آصف علی زرداری سے پیر کو وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور خسرہ کے خلاف حکومتی مہم کے حوالے سے صدر کو بریف کیا۔

صدر نے اس موقع پر کہاکہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں ،صدر نیکہا کہ موجودہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے،انتخابات وقت پر ہوں گے اور جو سیاسی جماعت انتخابات میں کامیاب ہوگی اسے آئینی طریقے سے اقتدار منتقل کر دیا جائے گا،انھوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم کے تقرر کے لیے تمام سیاسی قوتوں سے مشاورت کی جائے گی ۔
Load Next Story