طالبہ سے زیادتی بھارتی حکومت کا نیو ائیر جشن نہ منانے کا اعلان

شہریوں نےموم بتیاں جلائیں،لڑکیوں سےزیادتی کیخلاف لڑنےکےعزم کااظہار،طالبہ کےلواحقین کامجرموں کو سزائےموت دینےکامطالبہ.

عام آدمی اپنے تحفظ کیلیے تھانے جانے سے خوف زدہ ہے ،غنڈے تھانے میں کرسیوں پر پیر پھیلا کربیٹھتے ہیں،اپوزیشن لیڈرسشما سوارج . فوٹو: اے ایف پی

بھارت میں زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کی یاد میں ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں ۔

شہریوں نے موم بتیاں جلائیں اورلڑکیوں کے ساتھ کی جانے والی زیادتی کیخلاف لڑنے کے عزم کااظہاراور اجتماعی زیادتی کاشکار ہونیوالی طالبہ کے لواحقین نے مجرموں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ۔ بھارتی حکومت نے نیو ایئر کا جشن نہ منانے کااعلان کیا ہے۔آئی این پی کے مطابق دہلی ،بنگلور،کولکتہ اورگوہاٹی سمیت مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پرنکل آئے، مظاہرین کاایک ہی مطالبہ تھاکہ زیادتی کرنیوالے ملزمان کوکڑی سے کڑی سزا دی جائے۔بھارتی میڈیاکے مطابق پولیس نے اس کیس کی ابتدائی چارج شیٹ تیار کر لی ہے اور تمام فارنسک شواہد جمع کرنے کے بعد بہت جلد فرد جرم عائد کر دی جائیگی۔




پیر کی صبح حکومت نے مرکزی دہلی کی طرف آنے والے کچھ راستوں کو کھول دیا اور ٹریفک بحال کردی گئی لیکن بعض میٹرواسٹیشن ابھی بھی بند ہیں ۔ انڈیا گیٹ پر مظاہروں کی اجازت نہیں ہے لیکن جنتر منتر پر لوگ جمع ہوئے اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلبا کی تنظیم نے حکومت پر دبا ئوبڑھانے کے لیے ایک بڑے احتجاجی مارچ کا اہتمام کیا ،کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ اس واقعے کے پس منظر میں نئے سال کی تقریبات میں حصہ نہیں لیں گی،اطلاعات ہیں کہ دہلی میں اس برس نئے سال کی آمد پر تقریبات بہت کم ہوں گی اور بیشتر ہوٹلوں نے ایسی پارٹیوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایک تعزیتی جلسہ منعقدکیا جس میں پارٹی کی رہنما سشما سوارج نے پولیس کے کردار پر سخت نکتہ چینی کی، ان کا کہنا تھا ماحول تو یہ ہے کہ ایک عام آدمی اپنے تحفظ کے لیے پولیس اسٹیشن جانے سے خوف زدہ ہے جبکہ غنڈے اور موالی تھانے میں کرسیوں پر پیر پھیلا کر بیٹھتے ہیں۔ آن لائن کے مطابق طالبہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ جب تک اس کے قاتلوں کو پھانسی پر نہیں لٹکایا جاتا وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story