گالیاں دینےوالے شخص کے سارے کچے چٹھے جلد قوم کے سامنے آئیں گے وزیراعظم

کسی کو نیا پاکستان دیکھنا ہے تو وہ ملتان آکر دیکھے ملتان کا نقشہ اور قسمت تبدیل ہورہی ہے، وزیر اعظم

دوسروں کو گالیاں دینے والے اپنے حال پر بھی غور کریں، نواز شریف۔ فوٹو : اے پی پی

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ گالیاں دینےوالے شخص کے سارے کچے چٹھے جلد قوم کے سامنے آئیں گے۔



ملتان میں میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو ترقی کی سوجھ بوجھ نہیں وہ ملک میں ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، کبھی دھرنے دے دیتے ہیں تو کبھی الزامات لگاتے ہیں تاہم ان کے اپنے الزامات کا سر پاؤں سمجھ نہیں آتا، ان کے اپنے معاملات الجھے ہوئے ہیں، ایک دن ان کے اپنے معاملات سامنے آئیں گے اور دنیا کو پتہ چلے گا کہ دوسروں کو گالیاں دینے والے شخص کا اپنا کردار کس طرح کا ہے، آئندہ آنے والے وقت میں ان کے سارے کچے چٹھے قوم کے سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم یہاں سیاست کرنے، کسی دھرنے اور کسی ترقی کا راستہ روکنے یا قوم کا وقت ضائع کرنے نہیں آئے بلکہ میٹرو کا تحفہ دینے آئے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیر اعظم نے ملتان میں میٹرو بس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا




وزیراعظم نے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کیے گئے تھے کہ نیا پاکستان بن رہا ہے لیکن نیا پاکستان کہاں ہے، کسی کو نیا پاکستان دیکھنا ہے تو وہ ملتان آکر دیکھے، ملتان کا نقشہ اور قسمت تبدیل ہورہی ہے، اس وقت بلوچستان میں سڑکوں کا جال بن رہا ہے، گوادر کی بندر گاہ بن رہی ہے آج تک کسی نے یہاں اتنی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے 15 ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی ہمارے سسٹم میں نہیں آئی لیکن اس سال 10 ہزار میگا واٹ ہمارے سسٹم میں شامل ہوگی، 2013 میں لوڈشیڈنگ کا کیا حال تھا لیکن آج اس میں کمی ہوئی ہے اور اگلے سال لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائی گی۔



وزیراعظم کے خطاب کے دوران پنڈال میں موجود لیگی کارکنوں نے 'عمران خان کا علاج کرائیں' کے نعرے بھی لگائے جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ بعض لوگ لاعلاج ہوتے ہیں۔

Load Next Story