غیر ملکی ڈراموں نے ٹی وی انڈسٹری کی آنکھیں کھول دیں ماجد جہانگیر

غیر ملکی ڈراموں نے ہماری ٹی وی انڈسٹری کی آنکھیں کھول دیں اور بتادیا کہ اچھا اور معیاری کام کیسے کیا جاتا ہے۔

ماجد جہانگیر۔ فوٹو: فائل

مزاحیہ اداکار ماجد جہانگیر نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ٹیلی ویژن انڈسٹری کو اپنی جاگیر سمجھ لیا ہے۔


وہ کسی کو بھی کام کرنے کا موقع نہیں دینا چاہتے ۔مجھ سمیت بے شمار وہ فنکار جنھوں نے ٹیلی ویژن کے لیے بھر پور خدمات انجام دیں آج گھر بیٹھے ہیں ان کو ا س طرح نظر انداز کردیا گیا کہ جیسے انھوں نے کبھی کچھ نہیں کیا ہو،بدقسمتی سے آج باگ ڈور ان لوگوں کے ہاتھ میں آچکی ہے جن کا مقصد صرف پیسہ کمانا ہے انھیں اس سے غرض نہیں کہ کام اچھا ہورہا ہے یا برا انھیں تو صرف ڈراموں سے دولت کمانا ہے۔یہ بات انھوں نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے کہا یہ وہی لوگ جو آج غیر ملکی ڈراموں کے خلاف شورمچا رہے ہیں وہ ان ڈراموں سے اس قدر خوف زدہ ہیں کہ ان کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ وہ کیا کرگزریں لیکن ان ڈراموں نے ہماری ٹی وی انڈسٹری کی آنکھیں کھول دیں اور بتادیا کہ اچھا اور معیاری کام کیسے کیا جاتا ہے، ان ڈراموں سے ہمارے پروڈکشن اداروں کو سیکھنا چاہیے ترکی اور اسپین کے ڈرامے ہمیں سوچنے پر مجبور کررہے ہیں ،اب ہمیں حقائق سے منہ نہیں موڑنا چاہیے اور ان کا مقابلہ کرنے کیلے کوئی لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے ورنہ آنے والے دنوں میں یہ ہمارے ڈراموں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔
Load Next Story