بدین پولیس سرپرستی میں منشیات کی کھلے عام فروخت جاری

نشہ کرنے سے نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہونے لگا، معصوم بچے بھی شراب نوشی میں مبتلا

پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں کچی شراب فروخت کرنے والوں نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ و برباد کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی

بدین ضلع میں کچی شراب، منشیات، گٹکا اور مین پوری کی کھلے عام فروخت جاری، نوجوانوں کا مستقبل تباہ و برباد ہورہا ہے۔

شہر کی گلیوں اور بازاروں میں کچی شراب، منشیات اور مین پوری کی فروخت دن رات جاری، پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں کچی شراب فروخت کرنے والوں نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ و برباد کردیا اور چھوٹے بچے بھی شراب کے عادی ہوچکے ہیں، شراب نوشی نے بچوں کو تعلیم سے دور کردیا، پولیس افسران کچی شراب فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کررہے ہیں۔




بدین کی سروے رپورٹ کے مطابق ٹنڈو باگو، تلہار، ماتلی، گولارچی، نندو شہر، کھوسکی، میرانی روڈ، بدین محلہ صدیقی، کنبھار، کینٹ روڈ ، سول اسپتال روڈ ، ریلوے اسٹیشن ، اسٹیشن پولیس تھانے اور دیگر دیہاتوں میں کھلے عام کچی شراب کی فروخت جاری ہے،شہریوں نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اہلکار کچی شراب فروخت کرنیوالوں سے رشوت لے رہے ہیں، کرپٹ اہلکاروں کیخلاف کئی بار درخواستیں جمع کرائی گئیں لیکن ان کیخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں ہو سکی، سماجی رہنمائوں حاجی عبدالستار میمن و دیگر رہنمائوں نے بتایا کہ ماڈل تھانے میں بھی کچی شراب، منشیات، گٹکا، مین پوری اور 2100 کی فروخت جاری ہے۔
Load Next Story