راہول ڈریوڈ نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری لینے سے انکار کردیا

بنگلوریونیورسٹی کی اعزازی ڈگری کیلئے تین ناموں میں سے ڈریوڈ کا انتخاب کیا گیا تھا۔

بنگلوریونیورسٹی کی اعزازی ڈگری کیلئے تین ناموں میں سے ڈریوڈ کا انتخاب کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ نے بنگلور یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری لینے سے معذرت کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلور یونیورسٹی کی جانب سے 52ویں کانووکیشن کے موقع پر کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ کا نام ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری کے لئے منتخب کیا گیا تھا تاہم انہوں نے ڈگری لینے سے معذرت کرلی۔ ڈریوڈ نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے لئے منتخب کئے جانے پر شکریہ ادا کیا اورانتظامیہ کو آگاہ کیا کہ وہ خود ڈاکٹربننا چاہتے ہیں اوراس مقصد کے لئے وہ اکیڈمک ریسرچ کرنا چاہتے ہیں اس لئے انہوں نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری لینے سے معذرت کی۔


دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ کا موقف ہے کہ 27 جنوری کو ہونے والے 52ویں کانووکیشن کے موقع پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری کے لئے تین ناموں میں سے راہول ڈریوڈ کا انتخاب کیا گیا تھا جب کہ گورنر کرناٹکا اور یونیورسٹی چانسلر واجوبھائی والا نے راہول ڈریوڈ کے نام کی منظوری دی تھی تاہم انتظامیہ کی جانب سے دیگر 2 ناموں سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سال 2014 میں گلبرگا یونیورسٹی کے 32ویں کانووکیشن کے موقع پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری کے لئے 12 لوگوں کا انتخاب کیا گیا تھا جس میں راہول ڈریوڈ کا نام بھی شامل تھا۔
Load Next Story