واجبات کی عدم ادائیگی واٹربورڈ کے دفاتر کی بجلی منقطع

واٹر بورڈ نے دسمبر میں 10کروڑ روپے ادا کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا، اعلامیہ

کے ای ایس سی کے اعلامیے کے مطابق واٹر بورڈ کے واجبات20ملین روپے سے تجاوز کرگئے ہیں. فوٹو فائل

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اربوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دفاتر کی بجلی منقطع کردی۔

تفصیلات کے مطابق کے ای ایس سی نے 20 ارب روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے دفاتر کی بجلی منقط کردی،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی انتظامیہ کی یقین دہانی پر گزشتہ ماہ کے ای ایس سی نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دفاتر کی بجلی بحال کردی تھی،واٹربورڈ کی انتظامیہ نے وعدہ کیا تھا کہ KW&SB کی انتظامیہ بقایاجات کی مد میں دسمبر کے مہینے میں کم ازکم دس کروڑ روپے ادا کرے گی لیکن انتظامیہ اپنا وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد کے ای ایس سی نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دفاتر کی بجلی منقطع کردی۔




کے ای ایس سی کے اعلامیے کے مطابق واٹر بورڈ کے واجبات20ملین روپے سے تجاوز کرگئے ہیں جبکہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے کے ای ایس سی سے ابتک کوئی رابطہ نہیں کیا،کے ای ایس سی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کے ای ایس سی نے شہریوںکو پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کیلیے پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بند نہیں کی ہے نہ ہی پمپنگ اسٹیشنز پر لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،دریں اثناء واٹر بورڈ کے دفاتر کی بجلی منقطع کرنے کے حوالے سے معلومات کیلیے جب KW&SB کے ایم ڈی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔
Load Next Story