مخالفین کے چہرے بے نقاب کرکے عدالتوں سے سرخرو ہوں گے خواجہ آصف

دنیا بھر میں سیاستدانوں کےاختلافات ہوتے ہیں لیکن کہیں بھی کسی حکمران نے3 نسلوں کا احتساب نہیں دیا، وزیر پانی بجلی

دنیا بھر میں سیاستدانوں کےاختلافات ہوتے ہیں لیکن کہیں بھی کسی حکمران نے3 نسلوں کا احتساب نہیں دیا، وزیر پانی بجلی، فوٹو؛ اے پی پی

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہم مخالفین کے چہرے بے نقاب کرکے عدالتوں سے بھی سرخرو ہوں گے اور 2018 میں کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔

سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاستدانوں کے اختلافات ہوتے ہیں لیکن کہیں بھی کسی حکمران نے 3 نسلوں کا احتساب نہیں دیا، ہم پر الزام تراشی، بہتان تراشی کرنے والوں کا دین بھی گیا اوردنیا بھی گئی، ہم مخالفین کے چہرے بے نقاب کریں گے اور عدالتوں سے بھی سرخرو ہوں گے، 2018 میں عوامی عدالت لگے گی اس میں بھی کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔ اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان صرف خوابوں میں ہی نوازشریف کا مقابلہ کرسکتے ہیں، مریم اورنگزیب خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے دلیرانہ فیصلے کیے، ٹھوس اقدامات سے ملک میں دہشتگردی میں 80 فیصد کمی ہوئی، پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی کی کمر توڑ دی، حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ہی لوڈشیڈنگ پر قابو پایا گیا، 3 سال پہلے ملک میں جو 18 ، 18 گھنٹے کے اندھیرے تھے اب وہ 2 سے 3 گھنٹے تک آگئے، نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کے راہ پر گامزن ہے اور وزیراعظم نے ترقی کے جو منصوبے دیئے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نےعوام کی بہتری اور ملکی ترقی کے لیے اہم منصوبے مکمل کیے، سیالکوٹ کو میڈیکل کالج، انجینئرنگ، خواتین یونیورسٹی کے منصوبے دیئے گئے، حکومت نے سیالکوٹ کو موٹر وے کا تحفہ دیا اور سمبڑیال میں نئی سڑک کی تعمیر شروع ہو گئی ہے، وزیراعظم نے ایسے منصوبے دیئے جو کسی حکومت نےسیالکوٹ کو نہیں دیئے، ہم اعتراف کرتے ہیں کہ مسائل مکمل طور پر حل نہیں ہوئے لیکن ہم نے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017 کے آغاز سے الیکشن کا سال شروع ہو گیا ہے، کنونشن کے ذریعے وزیراعظم کا پیغام کارکنوں تک پہنچایا جارہا ہے اور 2018 کے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

 
Load Next Story