بورڈ نے محمد حفیظ کے متبادل کی تلاش شروع کردی

بابر اعظم کو آل راؤنڈر بنانے کی تیاریاں، برسبین میں بائیومکینک ٹیسٹ ہو گیا

بولنگ ایکشن کی موجودہ صورتحال سامنے آئے اور کلیئر ہونے پر بطور آل راؤنڈر آزمایا جائے۔ فوٹو: فائل

KOHISTAN:
پی سی بی نے محمد حفیظ کے متبادل کی تلاش شروع کردی، بابر اعظم کو آل راؤنڈر بنانے کی تیاریاں بھی ہونے لگیں، نوجوان کرکٹر نے برسبین میں بائیومکینک ٹیسٹ دیدیا تاہم ایکشن کلیئر ہونے پر بولنگ بھی کرنے لگیں گے۔

سال میں دوسری بار بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیے جانے کی وجہ سے محمد حفیظ 12ماہ کی پابندی کا شکار ہوئے،دورئہ انگلینڈ میں بطور بیٹسمین فارم پر سوالیہ نشان لگنے کے بعد فٹنس مسائل نے بھی انھیں گھیر لیا، ایکشن کلیئر ہونے کے بعد آل راؤنڈر حفیظ ون ڈے اسکواڈ میں بطور16ویں کھلاڑی شامل کیے گئے تو کینگروز کیخلاف سیریز میں کارکردگی ناقص رہی، صرف ایک اننگز میں قابل ذکر بیٹنگ کرتے ہوئے 72رنز بنائے، دیگر میچز میں باہر جاتی گیندوں کو چھیڑنے کی دیرینہ بیماری کے سبب ناکام رہے۔ بطور بولر پوری سیریز میں حفیظ ایک وکٹ بھی نہ حاصل کرپائے، ان حالات میں پی سی بی مستقبل کیلیے کسی نوجوان آل راؤنڈر کو تیار کرنا چاہتا ہے، قبل ازیں حارث سہیل کو موزوں سمجھا جارہا تھا لیکن وہ فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے۔


ادھر اب پی سی بی کی نگاہیں بابر اعظم پر مرکوز ہیں، انھوں نے ایڈیلیڈ سے برسبین جا کر آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکینک لیب میں بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیا جس کی رپورٹ 15 دن تک موصول ہو جائیگی۔ یاد رہے کہ بابر اعظم قومی انڈر19ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بطور آف اسپنر بھی خاصے موئثر ثابت ہوتے رہے لیکن ایکشن مشکوک ہونے کی وجہ سے انھیں بولنگ سے روک دیا گیا تھا، بورڈ کی خواہش ہے کہ انکے بولنگ ایکشن کی موجودہ صورتحال سامنے آئے اور کلیئر ہونے پر بطور آل راؤنڈر آزمایا جائے۔

واضح رہے کہ بابراعظم آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں282 رنز بنا کر آئی سی سی رینکنگ میں پہلی مرتبہ ٹاپ 10میں شامل ہوئے ہیں۔

 
Load Next Story