ماہرہ خان کی فلم رئیس کی آئندہ ماہ پاکستان میں نمائش کا امکان

فلم کو وزارت اطلاعات سے این او سی ملنے کے بعد پاکستان فلم سنسربورڈ سے سنسرشپ سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے گا۔

مریم اورنگ زیب نے بھارتی فلموں کیلیے این او سی دینے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: نیٹ

پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کی پہلی بھارتی فلم رئیس کی نمائش آئندہ ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں پاکستان میں نمائش کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

بھارتی سپر اسٹارشاہ رخ خان کے ساتھ بطور ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی ماہرہ خان کی فلم رئیس کو وزارت اطلاعات سے این او سی ملنے کے بعد پاکستان فلم سنسربورڈسے سنسرشپ سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے گا۔ پاکستان فلم ڈسٹری بیوٹرز کے اعلی سطع وفدنے وزیراعظم نواز شریف کوآگاہ کیا تھا کہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش سے پاکستانی فلم انڈسٹری کونہ صرف فروغ ملے گا اور اس سے مقابلے کارجحان پیدا ہوگا بلکہ پاکستانی فلموں کا معیار بھی بہتر ہوگا۔


دوسری جانب معلوم ہوا ہے حکومت نے پاکستان میں بھارتی فلموںکی دوبارہ نمائش کی اجازت دیتے ہوئے فلم ڈسٹری بیوٹرز، فلم پرموٹرز کو بھارتی فلموں کو پاکستان میں لانے کیلیے گرین سگنل دیدیا ہے،پہلے فیز میں ہرتیک روشن کی فلم قابل جبکہ دوسرے فیز میں ناموراداکارہ ماہرہ خان اورشاہ رخ خان کی فلم رئیس پاکستان بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی تاہم ان فلموں کو پاکستان فلم سنسر بورڈ سے کلیئر کرانا ہوگا۔

یادرہے کہ ماضی میں بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کیلیے وزارت کامرس وزارت اطلاعات نشریات کی سفارش پراین اوسی جاری کرتی تھی۔ گزشتہ برس ستمبر میں پاکستان اور بھارت کشیدگی کی وجہ سے انڈین موشن پیکچرز ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں کے انڈیا میں کام کرنے پرپابندی عائد کردی تھی جس کے جواب میں پاکستان فلم پرموٹرز نے بھی خودساختہ پابندی عائدکردی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر مملکت مریم اورنگ زیب نے بھارتی فلموں کیلیے این او سی دینے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story