کینیڈین وزیراعظم کا ملک میں مہاجرین کو خوش آمدید کہنے کا اعلان

جنگ زدہ علاقوں سے آنے والے تمام افراد کو رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر خوش آمدید کہیں گے، جسٹن ٹروڈو

مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے افراد کا اتحاد ہی کینیڈا کی قوت ہے، کینیڈین وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ملک میں مہاجرین کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے لیکن کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ملک آنے والے تمام مہاجرین کو خوش آمدید کہنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلم ممالک کے پناہ گزینوں پرپابندی لگادی گئی ہے جس پر عالمی رہنماؤں اور خود امریکی انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانا بنایا جارہا ہے۔



اس خبر کو بھی پڑھیں : مسلم پناہ گزینوں کو امریکا میں داخلے سے روک دیا گیا

ایسی صورتحال میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی ٹویٹ سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کینیڈا میں آنے والے تمام مہاجرین کو خوش آمدید کہا ہے، جسٹن ٹروڈو نے ٹویٹ میں کہا کہ کینیڈا جنگ زدہ علاقوں سے آنے والے تمام افراد کو رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر خوش آمدید کہے گا کیونکہ مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے افراد کا اتحاد ہی کینیڈا کی قوت ہے۔



واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارتی حکم کے ذریعے ایران اور عراق سمیت 7 مسلم ممالک کے پناہ گزینوں کے امریکا داخلے پر پابندی کا حکم نامہ جاری کیا گیا جس پر فوری طور پر عملدرآمد بھی کردیا گیا۔
Load Next Story