مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کی تیاری

آبادی کو موجودہ سیٹوں پر تقسیم کیا جائے گا، موجودہ نشستیں برقرار رہنے کا امکان

 کمیشن کو کم ازکم6ماہ کا وقت درکار ہوگا، الیکشن کمیشن نے افسران کی تربیت کا کورس بھی تیار کر لیا۔ فوٹو : فائل

الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی تیاریاں شروع کر دیں تاہم نئی حلقہ بندیوں کیلیے فارمولا بھی تیارکر لیا گیا، حلقہ بندیاں بھی آبادی کی بنیاد پر ہوں گی۔

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے لیے افسران کی تربیت کا کورس بھی تیار کر لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نئی مردم شماری کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی قومی اورصوبائی اسمبلیوں کیلیے نئی حلقہ بندیوں کے لیے اقدامات کرنا شروع کر دیے ہیں۔


ادھر الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ نے نئی حلقہ بندیوں کے لیے فارمولا بھی طے کر لیا ہے۔ ہر صوبے کی کل آبادی کو صوبے کی موجودہ سیٹوں پر تقسیم کیا جائے گا اور آبادی کے تناسب سے موجودہ حلقوں میں ووٹرز کو شامل کر لیا جائے گا جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں ہی برقرار رہنے کا امکان ہے، نشستوں میں اضافے کے لیے آرٹیکل 51 میں ترمیم کی ضرورت ہوگی۔

علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ شماریات ڈویژن کی جانب سے نئی مردم شماری کے فوری بعد الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں پرکام شروع کردے گا جس کے لیے کمیشن کو کم ازکم6 ماہ کا وقت درکار ہوگا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی افسران کی تربیت کا پروگرام بھی تشکیل دیدیا ہے، چاروں صوبوں سے100حلقہ بندی افسران کو تربیت دی جائے گی۔
Load Next Story