قائد اعظم ٹرافی کرکٹ کراچی کیخلاف ایبٹ آباد 146 رنز پر ڈھیر

عاطف مقبول نے6 پلیئرز کو آئوٹ کیا،پشاور کراچی بلوزکے طارق ہارون اورتنویر احمد کی بولنگ کی تاب نہ لاسکا،166 رنز پررخصت

راولپنڈی کے صدف حسین نے5 وکٹیں لیکر حیدر آباد کو177رنز تک محدود رکھا، لاہور راوی کے اسلام آباد کے خلاف186پر 9 پلیئرز آئوٹ۔ فوٹو فائل

ISLAMABAD:
قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کے مقابلے بدھ سے مختلف وینیوز پر شروع ہوگئے، پہلے روزکراچی وائٹس کے عاطف مقبول نے تباہ کن بولنگ کر کے ایبٹ آباد کو146 رنز پرڈھیرکر دیا۔

پشاور کی ٹیم کراچی بلوز کے طارق ہارون اور تنویر احمد کی بولنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے 166 رنز پر پویلین لوٹ گئی،راولپنڈی کے صدف حسین نے5 کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم پہنچا کر حیدر آباد کو177 رنز تک محدود رکھا، لاہور راوی نے اسلام آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں186 رنز پر 9 وکٹیں گنوا دیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے این بی پی اسٹیڈیم پر گروپ بی کے میچ میں ایبٹ آباد کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکا،افتتاحی میچ میں لاہور شالیمار کے ہاتھوں 10 وکٹ کی عبرتناک شکست سے کراچی وائٹس نے سبق حاصل کیا۔

عاطف کی تباہ کن بولنگ کے سبب مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 61.1 اوورز میں 146 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، حماد علی شاہ نے37 اور عدنان رئیس نے 27 رنز بنائے، عاطف مقبول نے 60 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا، کپتان محمد سمیع اورفراز احمد نے2،2وکٹیں لیں، جب پہلے روز کا کھیل ختم ہواتوکراچی وائٹس نے ایک وکٹ پر 79رنز بنائے تھے، خالد لطیف 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 43 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔


اسد علی نے34رنز بنائے،کراچی وائٹس کو مہمان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 67 رنز درکار ہیں،نیشنل اسٹیڈیم میں گروپ اے کے میچ میں پہلے روز کا کھیل ختم ہواتوکراچی بلوز نے پہلی اننگز میں 3 وکٹ گنواکر 85 رنز بنا لیے تھے،اسد بیگ 20 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیںجبکہ محمد وقاص44 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ریاض آفریدی نے 2 پلیئرزکو واپس ڈریسنگ روم بھیجا،قبل ازیں پشاور کی ٹیم پہلی اننگز میں 50.2 اوورز میں 166 رنز بناکر آئوٹ ہوئی جس میں سجاد احمد جان کے34اور محمد رضوان کے 32 رنز بھی شامل رہے۔



طارق ہارون نے 43 رنز کے عوض4وکٹیں حاصل کیں، تنویر احمد نے3اور اعظم حسین نے 2 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا،کراچی بلوزکو پشاورکی سبقت ختم کرنے کیلیے مزید 81 رنز درکار ہیں۔ دریں اثنا موصولہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے ڈائمنڈ گرائونڈ پر لاہور راوی نے میزبان کے خلاف9وکٹوں کی قربانی دے کر186 رنز بنالیے،عدنان اکمل بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں،جہانگیر مرزا 54 اور ریحان حیدر31 رنز بناکر واپس لوٹ گئے، اسلام آباد کے شہزاد اعظم نے 50 رنز دیکر4مہمان کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

نصراللہ خان نے2 وکٹیں اپنے نام کیں،حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں راولپنڈی کے صدف حسین نے میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑاتے ہوئے پہلی اننگز میں 177 رنز پر آئوٹ ہونے پر مجبور کردیا، میر علی تالپور نے 10 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، صدف نے محض 25 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں، ناصر ملک نے3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو راولپنڈی نے ایک وکٹ پر51 رنز بنالیے تھے۔
Load Next Story