برآمدات میں اضافے کیلیے ایک اور فنانسنگ سہولت متعارف

ایکسپورٹرز مقامی پلانٹ ومشینری اور انجینئرنگ برآمدات کیلیے5 سال تک کے قرضے لے سکیں گے۔

3 سال کیلیے شرح سود 10.30 فیصد اور 5 سال کیلیے 10.9 فیصدہ وگی، اسٹیٹ بینک فوٹو فائل

LONDON:
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ مشینری کیلیے ایکسپورٹ فنانسنگ کی سہولت متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مقامی طور پر تیار کردہ پلانٹ اور مشینری کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری سرکلر کے مطابق یہ نئی سہولت جمعرات 3 جنوری 2013 سے مؤثر ہوگی اور آئندہ ہدایات تک نافذ العمل رہے گی، برآمد کنندگان اس سہولت کے تحت اہل پلانٹ و مشینری اور انجینئرنگ کی برآمدات کیلیے بینکوں کے ذریعے طویل مدتی فنانسنگ حاصل کر سکتے ہیں، فنانسنگ کی سہولت پری شپمنٹ اور پوسٹ شپمنٹ دونوں مرحلوں پر زیادہ سے زیادہ 5 سال تک کیلیے دستیاب ہو گی، نئی سہولت کے تحت 1کروڑ ڈالر اور اس سے زائد قدر کے پلانٹ و مشینری کی برآمد کیلیے 5 برسوں (بشمول ایک سال کی رعایتی مدت) تک کی فنانسنگ دستیاب ہوگی۔

جبکہ 1 کروڑ ڈالر سے کم قدر کے اسپیسیفائیڈ پلانٹ و مشینری کی فنانسنگ 3 برس (بشمول 6 ماہ رعایتی مدت) کیلیے مہیا کی جائے گی، مشینری کے دیگر اجزا 1 سال تک کی فنانسنگ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، فنانسنگ کی سہولت ان بینکوں کے ذریعے فراہم کی جائے گی جن کی منظوری طویل مدتی فنانسنگ سہولت (ایل ٹی ایف ایف) کے تحت شراکتی مالی اداروں کی حیثیت میں دی گئی ہے، بینکوں کی نئی درخواستوں کو اسٹیٹ بینک کے معیار کے مطابق پروسیس کیا جائے گا، فنانسنگ لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) پر مہیا کی جائے گی تاہم برآمدی کنٹریکٹ پر بھی ایک سال تک کی مدت کیلیے فنانسنگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔




ری فنانسنگ، لیٹر آف کریڈٹ یا کنٹریکٹ کی مجموعی قدر میں سے پیشگی ادائیگی کی رقم منہا کرنے کے بعد کی حد تک یا لیٹر آف کریڈٹ و کنٹریکٹ کی قدر کے 80 فیصد تک کیلیے جو بھی کم ہو دستیاب ہوگی۔

برآمد کنندگان کو فنانسنگ ان ہی شرحوں پر دستیاب ہوگی جن کا طویل مدتی فنانسنگ سہولت (ایل ٹی ایف ایف) کے تحت اطلاق ہوتا ہے یعنی 3 سال کیلیے 10.30 فیصد سالانہ اور 5 سال کیلیے 10.90 فیصد سالانہ تاہم طویل مدتی فنانسنگ سہولت کے مقابلے میں اس سہولت کے تحت بینک اسپریڈ 3 سالہ فنانسنگ کیلیے 0.5 فیصد بڑھایا جا رہا ہے تاکہ غیر روایتی برآمد کنندگان جیسے انجینئرنگ مصنوعات کو فنانسنگ فراہم کرنے میں بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے، قرض کی اصل رقم رعایتی مدت اگر کوئی ہو تو کے بعد 6ماہ کی یا3 ماہ کی مساوی اقساط میں واپس کی جائے گی، مارک اپ سہ ماہی بنیادوں پر ادا کیا جائے گا۔
Load Next Story