چھٹی مردم شماری کے لیے تیاریاں 4 مراحل میں مکمل ہوگی

پاکستان سمیت دنیا میں مردم شماری کبھی مرحلہ وار نہیں ہوئی ہے، ماہرین کے تحفظات

اسٹینڈر طریقے کے بجائے طویل ترین دورانیہ اورپیچیدہ نظام مردم شماری کو متنازع بنادے گا۔ فوٹو؛ فائل

محکمہ مردم شماری 15 مارچ سے چھٹی مردم شماری کا آغازکررہا ہے جو26 مئی تک جاری رہے گی۔

ادارہ شماریات کے محکمہ مردم شمای نے ملک میں چھٹی مردم شماری کے لیے منصوبہ بندی تیار کرلی ہے جس کے تحت فیز ون میں خیبر پختونخوا کے پشاور ومردان ڈویژن، پنجاب کے لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان ڈویژن، دارالحکومت اسلام آباد، سندھ کے کراچی، حیدرآباد، میر پورخاص ڈویژن اور بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، سبی، نصیرآباد، قلات، مکران میں 15مارچ تا 15اپریل خانہ ومردم شماری کی جائے گی جب کہ فیز ٹو میں خیبرپختونخوا کے ہزارہ، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوِ، ڈی آئی خان، فاٹا، پنجاب کے گجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، سندھ کے لاڑکانہ، سکھر، شہید بے نظیرآباد ڈویژن، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 25 اپریل تا 26مئی خانہ شماری ومردم شماری مکمل کی جائے گی۔

دوسری جانب منصوبہ بندی کے تحت پاکستان بھر کے 458دیہی و شہری اضلاع کو 3ہزار 307چارجز، 2ہزار 631سرکلز اور ایک لاکھ 68ہزار 120بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے جب کہ ہر شمار کنندہ 2فیز کے چار مراحل میں دو بلاکس کی خانہ ومردم شماری کرے گا۔ شمار کنندہ فیز ون میں 15تا 17مارچ ایک بلاک کی خانہ شماری کرے گا، 18مارچ سے اسی بلاک کی مردم شماری کی جائے گی جو 27مارچ تک جاری رہے گی، 28مارچ کو بے گھر افراد کی مردم شماری کی جائیگی۔ 29مارچ کو شمارکنندہ محکمہ مردم شماری کے متعلقہ ضلعی دفتر میں بلاک ون کی ہونے والی خانہ ومردم شماری کے فارمز جمع کرائے گا اور بلاک ٹو کے لیے فارمز حاصل کرے گا، یہ کارروائی دو دن جاری رہے گی۔


علاوہ ازیں فیز ون کے بلاک ٹو کی خانہ شماری 31مارچ سے شروع ہوگی اور 2اپریل تک جاری رہے گی۔ اس بلاک کی مردم شماری 3اپریل تا 12اپریل ہوگی، بے گھر افراد کی مردم شماری 13اپریل کوہوگی، 14تا 15اپریل شمار کنندہ فیز ون کے بلاک ٹو کے پُر ہونے والے فارمز واپس کرے گا۔

فیز ون کی تکمیل کے بعد 9 دن کا وقفہ ہوگا اور 25اپریل سے فیزٹو کے بلاک ون کی خانہ شماری شروع ہوگی جو 27اپریل تک جاری رہے گی، 28اپریل تا 7مئی بلاک ون کی مردم شماری ہوگی، 8مئی کو بے گھر افراد کی مردم شماری ہوگی، 9تا 10مئی متعلقہ شمار کنندہ فیز ٹو کے بلاک ون کی تفصیلات واپس کرے گا اور بلاک ٹو کے لیے فارمز حاصل کرے گا، 11مئی سے فیز ٹو کے بلاک ٹو کی تین روزہ خانہ شماری شروع ہوگی، 14تا 23مئی فیز ٹو کے بلاک ٹو کی مردم شماری ہوگی جبکہ 24مئی کو بے گھر افراد کی مردم شماری کی جائے گی جس کے بعد 25تا 26مئی شمار کنندہ فیز ٹو کے بلاک ٹو کی تفصیلات متعلقہ دفتر میں جمع کرائے گا۔

 
Load Next Story