امپائر کو گیند مارنے پر ٹینس پلیئر کو7 ہزارڈالرجرمانہ

غیر ارادی عمل کے باعث پلیئر زیادہ سے زیادہ 12 ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے سے بچ گئے

فیڈریشن پلیئر کے خلاف مزید کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتی: فوٹو: فائل

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے امپائر کی آنکھ پر گیند مارنے پر کینیڈین ٹینس پلیئر ڈینس شیپا لوف کو پر 7 ہزار ڈالرز جرمانہ کر دیا ہے۔

گزشتہ روزانگلینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ورلڈ گروپ فرسٹ راؤنڈ ٹائی کے فیصلہ کن ریورس سنگلزمیں انہوں نے حریف کائل ایڈمنڈ کے خلاف پوائنٹ کھونے پر طیش میں آکرگیند پھینکی جو سیدھی چیئر امپائر کی آنکھ پر جا لگی جس پر انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر ہسپتال لے جانا پڑا تھا اور میچ میں انگلش ٹیم کو فاتح قراردیا گیا تھا۔


گیند لگنے پر امپائر آرنوڈ گیباس کی آنکھ پر سوزش واضح نظر آ رہی تھی، ان کی آنکھ کو بٖظاہر کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا تاہم وہ آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر سے تفصیلی معائنہ کروائیں گے۔ ایونٹ کی 117 سالہ تاریخ میں ڈینس کے نام منفی انداز میں جڑ گیا ہے، کینڈین پلیئر کو میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انگلش ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، حادثے کے بعد پلیئر نے امپائر سے معذرت کی اور کہا کہ میں نے گیند کوجال کی جانب پھینکنا چاہا لیکن وہ غلط سمت میں جا کر چیئر امپائر کی آنکھ پر لگ گئی۔

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈینس کومیچ ڈیفالٹ قرار دیئے جانے پر 2 ہزار ڈالر اور کھیل کے اصولوں کے خلاف ورزی پر5 ہزارڈالر جرمانہ کیا ہے۔ غیر ارادی عمل کے باعث پلیئر زیادہ سے زیادہ 12 ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے سے بچ گئے۔ فیڈریشن پلیئر کے خلاف مزید کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتی۔
Load Next Story