فلم ’’ریس ٹو‘‘ شائقین کیلئے تحفہ ہوگی دیپیکا اداکارہ آج اپنی27 ویں سالگرہ منائیں گی

اپنے کام کو بہتر بنانے کے لیے اپنی ہی غلطیوں سے سیکھتی ہوں25جنوری کو نئی سینماگھروں کی زینت بنائی جائیگی، ادکارہ

مسلسل کام کرنے کی عادت ہوگئی ہے، تین سال بعد گھر کی شکل دیکھ رہی ہوں،27 سالہ بالی وڈ اداکارہ کا خصوصی انٹرویو۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون آج اپنی 27ویں سالگرہ منائیں گی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں مسلسل کام کرنے کی عادت ہوگئی ہوں، تین سال بعد گھر کی شکل دیکھ رہی ہوں،انھوں نے کہا کہ میں اپنے کام کا خود جائزہ لیتی ہوں اور اپنی کاردگی کی بہتری کے لیے بھی لائحہ عمل بناتی ہوں۔ 2013ء میں آنیوالی نئی فلم شائقین کے لیے تحفہ ہوگی ۔اس میں یادگارپرفارمنس پر مداحوں کی پسند کی مہر ضرور لگے گی۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں اپنے کام پر خود تنقیدی نظر رکھتی ہوں اپنی خامیوں پر خاص توجہ دیتی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں کام کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔اچھے لوگ بہت ہیں اور اچھی پرفارمنس دکھانے والوں کا بھی تانتا بندھا رہتا ہے تاہم اپنے کام پر نظر رکھنا اور تنقیدی اعتبار سے کام کرنا بہت مشکل ہے یہ مشکل کام اب میں نے اپنی زندگی میں شامل کررکھا ہے اور اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے اپنی ہی غلطیوں سے سیکھنا بھی شروع کر دیا ہے۔ 27سالہ بالی وڈ اداکارہ نے کہا ہے کہ بہت مختصر عرصے میں بہت کچھ سیکھا ہے اور سیکھنے کا عمل جاری ہے تاہم اب تک جو بھی کام کیا ہے اس سے بہت خوش ہوں اور اپنی پرفارمنس کو بہتر بنایا ہے۔

اداکارہ دیپکا نے کہا کہ آنے والی فلموں میں اپنے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اسی طرح محنت کرتی رہوں گی ۔بالی وڈ کی ایک کامیاب اداکارہ ہوں مجھے اس بات کا احساس ہے اور اب اپنی اسی ساکھ کو بھی برقرار رکھنا چاہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ قلیل عرصے کے دوران بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، خود کو اس حوالے سے بھی خوش قسمت سمجھتی ہوں۔ ایک انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا کہ کام کے حوالے سے میرا اپنا معیار بہت سخت ہے اور اپنی پرفارمنس سے جلدی مطمئن نہیں ہوتی ہوں ،جب تک میں خود اپنے کام سے مطمئن نہ ہوجائوں کسی طور اسے فائنل نہیں کرتی ،اس بارے میں میرے ساتھی بھی گواہی دیں گے کہ میں اپنے کام کو بہت اہمیت بھی دیتی ہوں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ نئے سال کا استقبال کرنے کے لیے نئی فلم ''ریس ٹو ''تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ فلم 25جنوری کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس وقت نئی فلم ''ریس ٹو''کی تشہیری مہم میں بہت مصروف ہوگئی ہوں ۔فلم کی ریلیز کے لیے تیاریاں کررہے ہیں ۔نئے سال پر یہی فلم سینماگھروں میں دھوم مچائے گی ۔انھوں نے کہاکہ کئی اعتبار سے اس فلم کو اہمیت دے رہی ہوں میں نے اس فلم کو 2013ء کے تناظر میں دیکھا ہے۔قبل ازیں 2012ء کی کامیاب ہونے والی فلموں کے باوجود مجھے جو چیز اس فلم میں نظر آرہی ہے وہ پہلے نہیں تھی۔

انھوں نے مزید کہا کہ بالی وڈ میں نئی فلموں کے لیے تشہیری مہم کا آغاز ایک معمول کی بات بنی ہوئی ہے مگر میں اپنی نئی فلم کے حوالے سے یہ بھی کہوں گی کہ یہی فلم ہے جس کے لیے تشہیری مہم چلانے کا حق ادا ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں نئی فلموں میں ایک اچھا اضافہ بھی ہے لیکن 2013ء کو ویلکم یہی فلم کریگی۔ مجھے بھی 2013ء کے لیے آگے بڑھنا ہے۔نئی فلم ''ریس ٹو''پر زیادہ توجہ بھی اسی لیے دی گئی کہ اس نے آنے والے سال میں اپنا مقام بنانے کے ساتھ فلم کی ٹیم کے لیے بھی نئی راہیں استوار کرنا ہیں۔




اداکارہ نے بتایا کہ کام کے وقت سخت گیر ہوجاتی ہوں ویسے میرا مزاج نرم خو ہی ہے مگر کام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی ۔اپنے کام کو معیاری بنانے کے لیے ہروقت تیاررہتی ہوں اور ہر طرح کے کرداروں سے کچھ سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔انھوں نے بتایا کہ 2013ء میں بہت زیادہ کام کرنا ہے جس کے لیے ابھی سے پلان بنایا ہے۔نئی فلموں کی شیڈول شوٹنگز کے ساتھ اپنی دیگر شوبز سرگرمیوں کو بھی ترتیب دے رہی ہوں۔ دیپکا پڈوکون نے کہا کہ اب تک اپنی اننگ بڑی خوبصورتی سے کھیلی ہے اور آنے والے سال پر بھی مجھ سے شائقین بجا طور پر یہ توقع وابستہ کرسکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ میری پرفارمنس کو پسند کرنے پر مداحوں کی بے حد شکر گزار ہوں۔ہر عمر اور طبقے کے افراد نے مجھے پسند کرکے کامیابی کی سند دی ہے۔اسی وجہ سے میں اپنے کام سے بہت مطمئن ہوں ۔

اپنی پرفارمنس پر خود بھی خوش ہوتی ہوں جب مجھے اس بات کا یقین ہوجائے کہ میری پرفارمنس حقیقی معنوں میں دلچسپی کا سبب بنے گی تو پھر مجھے اطمنان کیوں نہ ہو، ؟انھوں نے کہا کہ 2013ء میں نئے انداز بھی اپنائوں گی اور گیتوں پر پرفارمنس کا جادو بھی چلائوں گی ۔انھوں نے کہاکہ چھوٹی چھوٹی چیریں بھی بعض اوقات بڑی خوشیاں دینے کا سبب بنتی ہیں ۔میں تو چھوٹی باتوں اور چھوٹی سی کامیابی کو بھی اپنے لیے بڑا سمجھتی ہوں،کسی کام کو بھی کم تر نہیں جانا، اپنے کام کی اہمیت کا ادراک ہے۔ میں اپنے مداحوں کے ساتھ بھی رابطے کی کوشش کرتی ہوں۔ عام زندگی میں ملنسار ہوں ۔کسی کی دل آزاری نہیں کرسکتی ۔اپنے کام کو ہر حال میں مکمل کرنا میرا مقصد ہوتا ہے اور جب تک کام مکمل نہ ہوجائے مجھے بے چینی سی لگی رہتی ہے ۔

اداکارہ دیپکا پڈوکون نے کہا کہ ہر آنے والے دن میری یہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنے کام کو مزید بہتربنائوں ۔اور نئے چیلنج کے لیے بھی خود کو تیار رکھتی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ روٹین کے کام کرنے سے فارغ رہنے کو ترجیح دینے کی بھی قائل ہوں۔ فلم ''کاک ٹیل'' کے لیے میری پرفارمنس پر بہت زیادہ رسپانس ملا ہے اور اس بات پر مجھے بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے۔ یونہی رسپانس ملے گا تو پھر میرا شائقین سے ایک طرح کا رابطہ بھی رہے گا ۔کیونکہ ان کی پسند اور ناپسند سے اصل میں اپنے کام کو پرکھا جاسکتا ہے اصل پیمانہ یہی لوگ ہیں لیکن میں ان تک اپنے کام کو لانے سے قبل خود بھی ا پنی پرفارمنس کا تنقیدی جائزہ لیتی ہوں ۔

انھوں نے کہا اس کے بعد کسی ایوارڈ کی اہمیت زیادہ ہوجاتی ہے ۔اپنی پرفارمنس پر ملنے والے حالیہ ایوارڈ کی بھی دہری خوشی ہوئی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی،اس لیے میں مسلسل اور لگاتار کام پر یقین رکھتی ہوں۔واضح رہے کہ 5 جنوری 1986ء کو کوپن ہیگن ڈنمارک میں پیدا ہونے والی 27سالہ اداکارہ نے فلمی سفر کا آغازسائوتھ سے 2006ء میں فلم ''ایشوریا''سے کیا۔ اداکارہ نے اسی سال ہندی فلم ''اوم شانتی اوم'' میں کام کرکے اپنی بالی وڈ میں آمد کا اعلان بھی کردیا ۔اداکارہ کو اس فلم میں بہترین پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اسی فلم نے باکس آفس پر دھوم مچائی ۔2012ء کے دوران بھی دیپکا کی فلم ''کاک ٹیل''نے بزنس کے نئے ریکارڈ قائم کیے ۔دیپکا پڈوکون نے کئی اہم کمرشلز میں کام کیا جن کی مختلف چینلز پر تشہیر ہوئی۔

ان کے والد پرکاش پڈوکون بیڈمنٹن کے کھلاڑی تھے ۔اداکارہ نے ابتدائی تعلیم صوفیہ ہائی اسکول بنگلور سے حاصل کی ،پھر اسی شہر کے کالج میں داخلہ لیا ۔آگے چل کر اندراگاندھی اوپن یونیورسٹی سے سوشیالوجی میں گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی ۔اداکارہ دیپکا پڈوکون نے 2006ء کے دوران ہی ماڈلنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا ۔2009ء تک دیپکا نے ماڈلنگ کے شعبے میں عمدہ پرفارمنس پر کئی ایوارڈز بھی جیتے ۔2010ء میں دیپکا نے فرحان اختر کی فلم میں کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔

پھر فلم ''ہائوس فل ''،''لفنگے پرندے''،''بریک کے بعد''اور فلم ''کھلیں ہم جی جان سے ''میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔2011ء میں ''دم مارودم''، ''آرکشن'' ،''دیسی بوائز''میں کام کیا۔2012ء کے دوران فلم ''کاک ٹیل ''میں پرفارم کرکے شائقین کے دل جیتے۔اب اداکارہ 2013ء میں نئی فلم ''ریس ٹو''سمیت متعدد فلموں میں جلوہ گرہونے کے لیے تیار ہیں جن کا شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔دریں اثناء اداکارہ کی 27 ویں سالگرہ پر آج انتہائی قریبی عزیزوں کے ساتھ تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ ادھر اتفاق سے اداکارہ ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں اپنے گھر آئی ہوئی ہیں۔
Load Next Story