پی ٹی سی ایل گروپ کو2016 میں 16 ارب روپے کا خالص منافع

آمدنی 117.2ارب روپے رہی،مفید اقدامات کی بدولت آپریٹنگ اخراجات میں 3 فیصد کمی

آمدنی 117.2ارب روپے رہی،مفید اقدامات کی بدولت آپریٹنگ اخراجات میں 3 فیصد کمی۔ فوٹو: فائل

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے بدھ کو اسلام آباد میں منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 31 دسمبر2016 کو ختم ہونے والے سال کے لیے اپنے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ٹی سی ایل گروپ کے آپریٹنگ منافع میں 2016 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 53 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی آمدنی 117.2ارب روپے رہی جبکہ مفید اقدامات کی بدولت گروپ کے آپریٹنگ اخراجات میں3 فیصد کمی ہوئی۔


اعلامیے میں کہاگیا کہ وسائل کو موجودہ مارکیٹ چیلنجز کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے مقصد سے پی ٹی سی ایل نے 2016 کے دوران رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم (وی ایس ایس) نافذ کی اور 4.6 ارب روپے کی متعلقہ لاگت کو 2016 کے مالیاتی نتائج میں شامل کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سال پی ٹی سی ایل گروپ کا خالص منافع 1.6 ارب روپے رہا جو وی ایس ایس کی عدم موجودگی میں 4.7 ارب روپے ہوتا یعنی گزشتہ سال کے مقابلے میں 152فیصد زیادہ، پی ٹی سی ایل گروپ کی مالی حالت 2016کے دوران موثراقدامات کی بدولت مستحکم رہی جس سے مختصر المیعاد سرمایہ کاری، نقد اور بینک بیلنسز کی صورت میں نقد پر مبنی مالیات میں25 فیصد اضافہ ہوا۔

پی ٹی سی ایل کی آمدنی اس سال 71.4 ارب روپے رہی اور فکسڈ لائن براڈ بینڈ آمدنی میں اضافہ ہوا، اس دورانِ آپریٹنگ اخراجات میں 7 فیصد کمی ہوئی جس کے نتیجے میں آپریٹنگ منافع میں6 فیصد اضافہ ہوا۔ وی ایس ایس کی لاگت شامل کرنے کے بعد خالص منافع اس سال 6.8ارب روپے رہا، وی ایس ایس کے اثر کے بغیر پی ٹی سی ایل کا خالص منافع 9.9 ارب روپے ہو تا یعنی سال 2015 سے 13 فیصد زیادہ۔
Load Next Story