پریمئیر فٹبال پی ایم سی نے افغان کلب کو مات دیدی

یاسر کا فیصلہ کن گول، آرمی نے پی آئی اے کو زیر کرلیا، نیوی اورواپڈا کا مقابلہ برابر

یاسر کا فیصلہ کن گول، آرمی نے پی آئی اے کو زیر کرلیا، نیوی اورواپڈا کا مقابلہ برابر۔ فوٹو: فائل

پاکستان پریمئیر فٹبال لیگ میں پی ایم سی فیصل آباد اور آرمی نے اپنے میچز جیت لیے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق افغان ایف سی کیخلاف گورنمنٹ ہائی اسکول گرائونڈ چمن میں کھیلے گئے میچ میں پی ایم سی نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی، فیصلہ کن گول اسٹرائیکر محمد یاسر نے میچ کے18ویں منٹ میں کیا، انھیں بہترین اسکورر کا ایوارڈ بھی ملا، بیسٹ کھلاڑی افغان ایف سی کے اسٹرائیکر صمد خان قرار پائے۔

کورنگی فٹبال اسٹیڈیم کراچی میں آرمی نے پی آئی اے کے خلاف میچ ایک، صفر سے جیت لیا، واحد گول مڈ فیلڈر عنصر عباس نے70 ویں منٹ میں بنایا، پی آئی اے کے ڈیفینڈر علی احسن اور مڈ فیلڈر نصراللہ کو بالترتیب 49 اور83 ویں منٹ میں یلو کارڈز کا سامنا کرنا پڑا، بہترین اسکورر عنصر عباس اور بیسٹ کھلاڑی آرمی کے جعفر خان قرار پائے۔




بلوچ ایف سی اور زرعی ترقیاتی بینک کے درمیان نوشکی اسٹیڈیم میں منعقدہ میچ ایک،ایک گول سے برابررہا، بلوچ ایف سی کے اسٹرائیکر ثنا اللہ نے میچ کے 45 ویں اور زیڈ ٹی بی ایل کے ڈیفینڈر غازی خان نے90+1 ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچایا، میچ کے بہترین اسکورر ثناء اللہ اور بیسٹ کھلاڑی غازی خان قرار پائے۔

نیوی اور واپڈاکے درمیان پی این ایس کارساز گرائونڈ کراچی میں کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابررہا، نیوی کے ڈیفینڈر جبار حسین کو تیسرے منٹ جبکہ واپڈا کے ڈیفینڈر محمد آصف، مڈ فیلڈر عمران نذیر اور ڈیفینڈر عثمان منظور کو بالترتیب 22 ، 40 اور 51 ویں منٹ میں یلو کارڈزکا سامنا کرنا پڑا، میچ کے بہترین کھلاڑی نیوی کے نور محمد قرار پائے۔

گورنمنٹ ہائی اسکول گرائونڈ چمن میں ووہیب ایف سی کے نہ آنے کی وجہ سے افغان ایف سی کو واک اوور مل گیا۔ہفتے کو ایونٹ کے مزید3 میچز ہوں گے، بلوچ ایف سی اور پی اے ایف کا مقابلہ نوشکی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور کے آر ایل کے درمیان میچ کے پی ٹی گرائونڈ کراچی میں ہو گا، مسلم ایف سی اور پی ایم سی ایتھیلٹکو کا سامنا گورنمنٹ ہائی اسکول گرائونڈ چمن میں ہونا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story