ٹی 20 بلائنڈ ورلڈ کپ بھارت سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

فیصلہ کن معرکہ ایک بار پھر روایتی حریفوں کے درمیان ہونے کے امکانات روشن

اوپنر پرکاش جے نے  115 رنز اور اجے کمار ریڈی  51 رنز پر ناقابل شکست رہے: فوٹو : اے ایف پی 

لاہور:
ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے سری لنکا کو 10 وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

بھارت میں جاری ٹی ٹوینٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے سری لنکا کو 10 وکٹ سے مات دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ اور اب فیصلہ کن معرکہ ایک بار پھر روایتی حریفوں کے درمیان ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ لال بہادر شاستری سٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 174 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سرنگا سمپتھ 49، چندانا دیش پریا 42، چندانا کمارا 16 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔ رنبیر پنوار، سنیل نے 2,2 جبکہ اجے کمار ریڈی اور گولو کمار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


بھارت نے ہدف 13اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ اوپنر پرکاش جے نے 52 گیندوں پر 23 چوکے لگا کر 115 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اجے کمار ریڈی 30 گیندوں پر 51 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ بھارت کی فائنل میں رسائی کے ساتھ ہی میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ ایک بار پھر روایتی حریفوں کے درمیان ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

پاکستان ٹیم لیگ میچز میں مسلسل 9 فتوحات کے ساتھ ناقابل شکست اور میزبان بھارت کو بھی ہرا چکی ہے، گرین شرٹس کو فائنل تک رسائی کیلیے کل انگلینڈ کی دیوار ڈھانی ہو گی۔
Load Next Story