سمندری حدود کے تحفظ کیلئے دیگرملکوں کے ساتھ مل کرکام کررہے ہیں سربراہ پاک بحریہ

سی پیک کی تجارت محفوظ بنانے کیلیے سمندری ٹاسک فورس اس کا اہم حصہ ہے،ایڈمرل ذکاءاللہ

کوئی بھی ملک سمندری راستے کو اکیلا محفوظ نہیں بنا سکتا، نیول چیف: فوٹو: فائل

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ کا کہنا ہے کہ تجارت کے لئے دنیا کی نگاہیں سمندری راستوں کی سیکیورٹی پرمرکوزہیں اورکوئی بھی ملک سمندری راستے کو اکیلا محفوظ نہیں بنا سکتا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی میں ساتویں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس کا آغاز ہوا، کانفرنس میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور صدر آزاد کشمیرمسعود خان بھی شریک ہیں ۔ کانفرنس میں خطے میں درپیش چیلنجز، وجوہات اور اثرات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ دنیا بھر سے آئے مندوبین اپنے تجربات اور معلومات کا تبادلہ کریں گے۔


پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ نے میری ٹائم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس عالمی سطح پر رابطوں کے فروغ کا ذریعہ ہوگی، سمندری راستے سے کارگو کی منتقلی میں تاخیر عالمی معیشت کو نقصان پہنچاتی ہے، کوئی بھی ملک سمندری راستے کو اکیلا محفوظ نہیں بنا سکتا جب کہ سمندری حدودکےتحفظ کے لئے دوسروں ملکوں کے ساتھ مل کرکام کررہے ہیں۔

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ سی پیک اورگوادرکی سیکیورٹی کےلئے خصوصی فورس تشکیل دی ہےجو سمندری ٹاسک فورس کا اہم حصہ ہے جب کہ امید ہے میری ٹائم کانفرنس سے قابل قدر سفارشات کا حصول ممکن ہوسکے گا اور تجارت کے لئے دنیا کی نگاہیں سمندری راستوں کی سیکیورٹی پرمرکوزہیں۔
Load Next Story