شرجیل خان کے دفاع کے لئے والد میدان میں کود پڑے

پورا یقین ہے کہ میرا بیٹا کرپشن الزمات سے سرخرو ہو کر دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے گا، والد شرجیل خان

کسی کے ماتھے پر نہیں لکھا ہوتا کہ یہ اچھا ہے یا برا، سہیل خان۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ میں اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے باعث معطل ہونے والے کرکٹر شرجیل خان کے والد اپنے بیٹے کا دفاع کرنے میدان میں آ گئے اور کہتے ہیں کہ پورا یقین ہے کہ بیٹے نے کوئی غلط حرکت نہیں کی۔

حیدر آباد میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شرجیل خان کے والد سہیل خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے شرجیل خان کو صرف تحقیقات کے لئے معطل کیا ہے، شرجیل خان کو 12 سال کی عمر سے کرکٹ کھلا رہا ہوں، اسے پال پوس کر اتنا بڑا کیا ہے اچھی طرح جانتا ہوں کہ میرا بیٹا اس طرح کی حرکت کر ہی نہیں سکتا۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: اسلام آباد یونائٹیڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

سہیل خان کا کہنا تھا کہ شرجیل خان جس ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے وہاں 1500 کمرے تھے اور قومی کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنانے کے لئے بہت سے لوگ آتے ہیں، ہو سکتا ہے کہ کسی سے ملاقات ہوئی ہو لیکن کسی کے ماتھے پر نہیں لکھا ہوتا کہ یہ اچھا ہے یا برا۔ انہوں نے کہا کہ اس خبر سے جتنا دکھ کرکٹ شائقین کو ہوا ہے اس سے زیادہ دکھ مجھے پہنچا ہے کیونکہ میں اس کا والد ہوں، معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیئے اور مجھے یقین ہے کہ میرا بیٹا سرخرو ہو کر دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے گا اور ملک کا نام روشن کرے گا۔

Load Next Story