سر پر بیٹ لگ جانے سے وکٹورین کیپر ہارپر سنگین انجری سے دوچار

وکٹ کیپر اسپتال منتقل، ساؤتھ آسٹریلیا سے شیفلڈ شیلڈ میچ میں افسوسناک واقعہ

ہارپر دوران میچ انجرڈ ہوجانے والے دوسرے وکٹورین پلیئر ہیں۔ فوٹو: فائل

شیفلڈ شیلڈ میچ میں ساؤتھ آسٹریلین بیٹسمین جیک لیمین کا بیٹ شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹورین وکٹ کیپر سام ہارپر کے سر پر لگ گیا، جس سے ان کی حالت تشویشناک ہوگئی اور انھیں مقامی اسپتال میں داخل کرنا پڑگیا، جہاں پر ان کے دماغ کا اسکین ٹیسٹ بھی کیاگیا ہے۔

افسوسناک حادثے کے وقت لیمین حریف اسپنر جون ہولینڈ کی اسپن گیند پر شاٹ کھیل رہے تھے کہ وکٹ کے ساتھ لگ کر کھڑے ہارپر کے سرپر ان کا بیٹ زور سے لگ گیا، اگرچہ وہ اس وقت ہیلمٹ بھی پہنے ہوئے تھے، چوٹ لگنے پر ہارپر فوری طور پر گراؤنڈ میں گرپڑے، گراؤنڈ میں انھیں طبی عملے نے فوری امداد بہم پہنچائی۔


اس موقع پر لنچ کا وقفہ قبل از وقت کردیا گیا، ابتدائی طور پر ان کے سر سے خون رسنے یا ہڈی کے متاثر ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے لیکن پھر بھی انھیں شب بھر اسپتال میں زیرنگرانی رکھا جائے گا۔ ہارپر اب میچ کے باقی حصے میں دستیاب نہیں رہیں گے جبکہ وکٹوریہ سے ایس گوچ کو روانہ کردیا گیا جو تیسرے دن بطور متبادل فیلڈر میدان میں جائیں گے۔

واضح رہے کہ ہارپر دوران میچ انجرڈ ہوجانے والے دوسرے وکٹورین پلیئر ہیں، ان سے قبل نیوساؤتھ ویلز کیخلاف ول پوکوسکی بھی گیند لگ جانے پر انجرڈ ہوگئے تھے، وہ بھی تاحال فٹنس پانے کیلیے کوشاں ہیں۔

دریں اثنا دوسرے دن کے کھیل میں وکٹورین ٹیم ہی چھائی رہی، ساؤتھ آسٹریلین ٹیم جوابی اننگز میں 178رنز پر آؤٹ ہوگئی، لیمین نے 92 کی اننگز کھیلی، پہلی باری میں 184 رنز بنانے والی وکٹورین ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام تک 4 وکٹ پر 198 رنز جوڑ لیے، آرون فنچ نے 58 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مجموعی برتری کو 204 رنز تک پہنچادیا۔
Load Next Story