بنگال ٹائیگرز انہونی کو’ہونی‘ میں بدلنے پر بضد

بھارت سے واحد ٹیسٹ میں فتح کیلیے 459 کا ہدف شروع کردیا۔

بھارت سے واحد ٹیسٹ میں فتح کیلیے 459 کا ہدف شروع کردیا - فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
بنگال ٹائیگرز انہونی کو 'ہونی' میں بدلنے کی ضد کرنے لگے، بھارتی سرزمین پر واحد ٹیسٹ میں کامیابی کا پرچم لہرانے کیلیے 459 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کردیا، چوتھے روز کے اختتام تک 103 رنز پر تین وکٹیں گنوادیں، آخری روز مزید 356 رنز بنانا ہوں گے، سومیہ سرکار 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ایشون نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بھارت نے دوسری اننگز 4 وکٹ پر159 رنز بناکر ڈیکلیئرڈ کردی، قبل ازیں بنگلہ دیش کی پہلی باری کا اختتام 388 رنز پر ہوا، مشفیق الرحیم نے سب سے زیادہ 127 رنز بنائے، مہدی حسن 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بنگلہ دیش ٹیم کو بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ کھیلنے کے پہلے ہی موقع کویادگار بنانے کیلیے ورلڈ ریکارڈ 459 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی ضرورت ہے، جس کے تعاقب میں چھٹے ہی اوور میں اوپنر تمیم اقبال کی جدائی برداشت کرنا پڑی جوکہ صرف 3 رنز بناکر ایشون کی وکٹ بن گئے، ان سائیڈ ایج پر گیند ان کے پیڈ سے ٹکرائی اور قریب میں موجود کوہلی کے ہاتھوں میں چلی گئی، اپیل مسترد ہونے پر کوہلی نے ریویو لیا اور فیصلہ اپنے حق میں کرالیا۔ 71 کے مجموعی اسکور پر سومیا سرکار 42 رنز بناکر جڈیجا کی وکٹ بن گئے کیچ راہنے نے تھاما، مجموعے میں فقط 4 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ مومن الحق 27 رنز پر ایشون کی گیند پر راہنے کا کیچ بن گئے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں :بنگلہ دیشی بیٹسمین بھارتی یلغارکے سامنے ڈٹ گئے

اس کے بعد بھارت کو مزید کوئی وکٹ نہیں ملی جب چوتھے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو بنگلہ دیش نے 3 وکٹ پر 103 رنز بنالیے تھے، شکیب الحسن 21 اور محمود اللہ 9 رنزکے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ بنگلہ دیش کو مزید 356 رنز درکاراور7 وکٹ باقی ہیں۔ ایشون نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بھارت نے بنگلہ دیش کو فالو آن کرانے کے بعد خود دوبارہ بیٹنگ کی اور 4 وکٹ پر 159 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔ چتیشور پجارا 54 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، تسکین احمد اور شکیب الحسن نے دودو وکٹیں لیں۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے دن کا آغاز اپنی پہلی اننگز 322 رنز 6 وکٹ سے کیا تاہم پوری ٹیم 388 رنز پر آؤٹ ہوگئی، مشفیق الرحیم نے 127 اور مہدی حسن مرزا نے 51 رنز بنائے۔ امیش یاد نے 3 جب کہ ایشون اورجڈیجا نے دودو وکٹیں لیں۔

دوسری جانب مشفیق الرحیم بھارت کے خلاف 2 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرنے والے بنگلہ دیش کے پہلے بیٹسمین بن گئے۔ انھوں نے بھارت کے خلاف واحد ٹیسٹ میں 127 رنز اسکور کیے، اس دوران وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے چوتھے بنگلہ دیش بھی بن گئے، ان سے قبل یہ تمیم ، شکیب الحسن اور حبیب البشر یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔
Load Next Story