نئی دہلیپاک بھارت تیسرا ون ڈے میچ انسداد پولیو سے منسوب
پاکستان اور بھارت کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ انسداد پولیو سے منسوب کردیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے جاری اعلامیے کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کل روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے جانے والے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کو ''بال آؤٹ پولیو'' کا نام دیا گیا ہے۔
میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بازوؤں پر خصوصی ربن باندھے نظر آئیں گے اس کے علاوہ اسٹیڈیم میں موجود سیکڑوں شائقین زرد رنگ کی شرٹس پہن کر چوکوں ، چھکوں اور کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر اس موذی مرض کے خاتمے کے حوالے سے خصوصی پیغامات سے مزین پلے کارڈز لہرائیں گے۔
دوسری جانب نئی دہلی میں قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور عمران فرحت نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے۔ اس موقع پر قومی کھلاڑیوں نے پاکستان میں پولیو کے مرض کے مکمل خاتمہ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔