ویرات کوہلی نے نگاہیں آسٹریلیا سے سیریز پر مرکوز کرلیں

کینگروز کیخلاف مقابلوں میں جارحانہ حکمت عملی اپنائیں گے، بھارتی کپتان

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 23 فروری سے پونے میں شروع ہوگا۔ فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ میری تمامتر نظریں اب آسٹریلیا سے ہوم سیریز مرکوز ہیں تاہم اس حوالے سے ہم نے اپنی حکمت عملی وضع کرلی ہے۔

بنگلہ دیش سے واحد ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز کیلیے پلیئرز مکمل طور پر تیار ہیں اور اس سلسلے میں ٹیم نے کافی کام کرلیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ لگاتار6 سیریزجیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھنے کیلیے آسٹریلیا کیخلاف بھی جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ سیریزکے پہلے ٹیسٹ سے ہی بھارتی ٹیم کی آسٹریلیا پر برتری کو ثابت کریں گے، اس سیزن میں ہماری سب سے بڑی ہوم سیریز انگلینڈ کیخلاف تھی جس میں ہم نے مخالف سائیڈ کو4-0 سے وائٹ واش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلیے ٹیم نے ذہنی طور پر مکمل تیاری کرلی، بیٹسمینوں کے ساتھ بولرز بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔


حیدرآباد ٹیسٹ میچ کا ذکرکرتے ہوئے بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کیلیے سازگار تھی، بنگلہ دیشی بیٹسمین پہلی اننگز میں اچھا کھیلے لیکن دوسری اننگزمیں وہ پریشر برداشت نہیں کرسکے اور ہم نے208 رنز سے انھیں زیر کرلیا۔

بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ اس جیت پر ہمیں بہت زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہماری تمامتر نظریں آسٹریلیا سے ہونیوالی بڑی ہوم سیریز پر ہیں، بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 2 ورلڈ کلاس اسپنرز کا ہونا تقویت کا باعث ہے، فاسٹ بولر امیش یادیو بھی ٹیم کیلیے ایک اچھا اضافہ ہیں، میں اپنی پرفارمنس سے مطمئن ہوں اور اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ کوہلی نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈبل سنچری بنائی تھی، انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کی جانب سے چار ڈبل سنچریاں بناکر منفرد اعزاز حاصل کیا ہے، بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 23 فروری سے پونے میں شروع ہوگا۔
Load Next Story