نوشہرہ قاضی حسین احمد کو آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا
سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کو ان کے آبائی گاؤں زیارت کاکا صاحب میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
مرحوم کی نماز جنازہ پشاور میں موٹروے چوک رنگ روڈ پر ادا کی گئی۔ نماز جنازہ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمدخان شیرپاؤ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انجینئر امیر مقام، تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے علاوہ مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور جماعت اسلامی کے کارکنان سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
قاضی حسین احمد ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دل کے شدید دورے کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے تھے، ان کی عمر 74 برس تھی۔ وہ 1970 میں جماعت اسلامی کے رکن بنے ۔ 1978ءمیں وہ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل منتخب بنے،1987ءکو جماعت اسلامی کے امیر منتخب ہوئے وہ مسلسل 22 سال تک جماعت اسلامی کے امیر رہے۔ قاضی حسین احمد جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیموں پاسبان اور شباب ملی کے سرپرست بھی رہے۔ وہ ایک تجربہ کار پارلیمنٹیرین اور معزز سیاستدان اورکئی کتابوں کے مصنف بھی تھے۔