لیاری ایکسپریس وے پر یلو کیب پل سے نیچے جا گری 3 افراد ہلاک 2 زخمی

حادثہ گارڈن انٹر چینج کے قریب پیش آیا، ہلاک اور زخمی ہونے والے آپس میں رشتے دار اور الآصف اسکوائر کے رہائشی ہیں

کورنگی، ماڑی پور اورنیشنل ہائی وے پر ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق ہو گئے۔ فوٹو: ایکسپریس

لیاری ایکسپریس وے پر گارڈن انٹر چینج کے قریب ماڑی پور جانے والی یلو کیب زیر تعمیر پل سے نیچے جا گری جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹر چینج سے ماڑی پور جاتے ہوئے یلوکیب نمبر PG-9785 پل سے نیچے جا گری حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور امدادی جماعتوں کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور سخت جدوجہد کے بعد گاڑی سے 3 لاشوں اور 2 شدید زخمیوں کو نکال کر سول اسپتال پہنچایا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 60 سالہ سید صالح محمد ، 50 سالہ کلیم اﷲ اور 60 سالہ سید فیض محمد کے نام سے ہوئی جبکہ 42 سالہ حاجی عبدالحق اور 14 سالہ سید نوید شدید زخمی ہے اور ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ گرنے والی یلو کیب عیسیٰ نگری انٹر چینج سے لیاری ایکسپریس وے کے لیے گئی تھی جو گارڈن انٹر چینج سے اتری تھی تاہم بعدازاں ٹیکسی میں سوار افراد دوبارہ گارڈن انٹر چینج سے لیاری ایکسپریس وے پر آئے اور ماڑی پور کی جانب جا رہے تھے کہ بائیں جانے والے زیر تعمیر پل کی جانب چلے گئے جس کی دیوار نہیں تھی اور اندھیرے کی وجہ انھیں دکھائی بھی نہیں دیا جس کے باعث ٹیکسی بلندی سے نیچے جا گری۔

موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ یلو کیب کے ڈرائیور کو اگر اسے ماڑی پور جانا تھا تو اسے گارڈن انٹر چینج پر نہیں اترتا بلکہ سیدھا چلا جاتا تاہم وہ جلد بازی میں گارڈن انٹر چینج سے نیچے اترا اور دوسری جانب سے دوبارہ آکر ماڑی پور کی جانب جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔


اس حوالے سے پاک کالونی تھانے کے ایس ایچ او عبداﷲ بھٹو نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونیوالے آپس میں رشتے دار اور الآصف اسکوائر کے رہائشی ہیں، پولیس ان کے لواحقین سے رابطہ کرنیکی کوشش کر رہی ہے جبکہ زخمی ہونے والے دونوں افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، انھوں نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ٹیکسی میں سوار افراد کہاں اور کس سے ملنے جا رہے تھے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے صبا سینما کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار30 سالہ راشد ولد رحمت زخمی ہو گیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ متوفی نیو کراچی کا رہائشی تھا جس کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ، کورنگی ناصر جمپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہ گیر 60 سالہ عبدالستار جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لائی گئی، متوفی رنچھوڑ لائن کا رہائشی بتایا جاتا ہے جبکہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے روڈ نیو ٹرک اڈا گیٹ نمبر 6 کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 25 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق متوفی کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے جبکہ وہ محنت کش معلوم ہوتا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش شناخت ورثا کے لیے سرد خانے میں رکھوا دی۔ ملیر سٹی کے علاقے نیشنل ہائی وے ملوک ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں 35 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لائی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی۔
Load Next Story