کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج بقاء کی جنگ لڑیں گے

کراچی کنگز کو گزشتہ ایڈیشن میں ملنے والی 2 فتوحات بھی لاہور قلندرز کے خلاف ہی تھیں

کراچی کنگز کو گزشتہ ایڈیشن میں ملنے والی 2 فتوحات بھی لاہور قلندرز کے خلاف ہی تھیں. فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ میں آج کراچی کنگز اور لاہور قلندرز بقاء کی جنگ لڑیں گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم کیلیے پلے آف میں رسائی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔

گزشتہ سیزن میں بھی دونوں فرنچائزز نے لیگ کی مہنگی ترین ٹیمیں تشکیل دیں لیکن سٹار پلیئرز کی موجودگی کے باوجود کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں، دوسر ے ایڈیشن میں بھی کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی حالت تقریباً ویسی ہی ہے، کراچی کنگز کی ٹیم اپنے دونوں میچز میں ناکام رہی ہے جبکہ لاہور قلندرز نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میں ناکام رہی۔


کراچی کنگز کو گزشتہ ایڈیشن میں ملنے والی 2 فتوحات بھی لاہور قلندرز کے خلاف ہی تھیں جسکی وجہ سے انہیں پلے آف رسائی مل گئی تھی۔

پی ایس ایل 2017 میں کراچی کنگز کی جانب سے کھیلنے والے جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل فارم میں واپسی کیلیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ جارح مزاج لیفٹ ہینڈر اپنی سابقہ ٹیم لاہور قلندرز کے خلاف کم بیک کرنے کی پوری کوشش کریں گے جنہوں نے ان کی جگہ کراچی کنگز کی طرف سے کھیلنے والے بولنگ آل راؤنڈر سہیل تنویر کو ٹیم میں شامل کر لیا تھا۔ لاہور قلندرز کو اس تبدیلی کا زیادہ فائدہ ہوا، سہیل تنویر نے 6 اوورز میں 35 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ دوسری جانب کرس گیل کراچی کی طرف سے 2 میچز میں 23 گیندوں پر صرف 12 رنز ہی بنا پائے ہیں۔

گزشتہ میچ میں پشاور زلمی سے شکست کے باوجود قلندرز کے کپتان برینڈن میکولم ٹیم کے فائٹ بیک کی وجہ سے پراعتماد ہوں گے۔ 60 رنز کے قلیل ہدف کے تعاقب میں زلمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور 17 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر پائی تھی۔
Load Next Story