اولمپکسکریک ڈائون سے بھی ڈوپنگ کا جن قابو نہ ہوسکا

ابتدائی روزہی البانیاکے ویٹ لفٹرہیسین پلاکو کومثبت ٹیسٹ پر گیمز سے باہرکردیا گیا

ابتدائی روزہی البانیا کے ویٹ لفٹرہیسین پلاکو کومثبت ٹیسٹ پر گیمز سے باہرکردیا گیا (فوٹو فائل)

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے کریک ڈائون سے بھی ڈوپنگ کا جن قابو نہ ہوسکا، لندن گیمز کے ابتدائی روز ہی البانیا کے ویٹ لفٹر ہیسین پلاکو کومثبت ٹیسٹ پر اولمپکس بدر کردیا گیا، کھیلوں کے آغاز سے پہلے ہی ایک درجن ایتھلٹس پر مقابلوں کے دروازے بند ہوچکے ہیں، آئی او سی کے ترجمان مارک ایڈمز کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے دوران 5000 ٹیسٹ لیے جائیں گے،

میڈل حاصل کرنے والوںکی بھی تحقیقات ہوںگی، ڈوپنگ فراڈ پر کوئی نہیں بچ سکتا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی گذشتہ کئی برس سے ڈوپنگ کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے مگر اس کے سخت ترین انتظامات کے باوجود ایتھلیٹس کی جانب سے ممنوعہ ادویات کے استعمال کا سلسلہ پوری طرح جاری ہے، لندن گیمز کے ابتدائی روز ہی البانیا سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ ہیسین پلاکو مثبت ٹیسٹ پر اولمپکس سے باہر کیے جانے والے پہلے ایتھلیٹ بن گئے،


انھیں77 کلوگرام کیٹیگری میں مقابلہ کرنا تھا مگر اب وہ بھی ان ایتھلیٹس کی فہرست میں شامل ہوگئے جن پر گیمز کے آغاز سے قبل ہی پابندی عائد کردی گئی، اب پلاکو کو انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی جانب سے دو برس کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، ان کا 23 جولائی کو گیمز کے لیے آمد کے بعد ٹیسٹ لیا گیا تھا، پلاکو کے ذاتی کوچ اور چچا سیمی پلاکو نے کہاکہ میں یا ہیسین ممنوعہ جزو کی موجودگی سے انکار نہیں کریں گے اور نہ ہی اس پر آنے والے فیصلے کو چیلنج کرنے کا ارادہ ہے۔ آئی اوسی کا کہنا ہے کہ پلاکو کا کیس ظاہر کرتا ہے کہ ڈوپنگ فراڈ بدستور جاری رہے گا،

کونسل کے ترجمان مارک ایڈمز کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی ایتھلیٹ ڈوپنگ فراڈ میں پکڑا جائے وہ ہمارے لیے افسوسناک دن ہوتا ہے، ہم صرف امید ہی کرسکتے ہیں کہ مزید کوئی اس میں ملوث نہیں ہوگا، ان گیمز کے دوران مجموعی طور پر پانچ ہزار ٹیسٹ لیے جارہے ہیں اور جو میڈلز جیتیں گے ان سے بھی پوچھ گچھ ہوگی، کسی کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ وہ ہمیں دھوکا دینے میں کامیاب ہوجائے گا۔ یاد رہے کہ گیمز سے قبل لیے جانے والے ٹیسٹ کی وجہ سے پہلے ہی ایک درجن کے قریب ایتھیلٹس پر لندن اولمپکس کے دروازے بند ہوچکے ہیں۔پلاکو 2000 کے بعد اولمپکس میں ڈوپنگ میں پکڑے جانے والے 10 ویں ویٹ لفٹر ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story